• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سندھ کابینہ، سرکاری ملازمین کیلئے ریلیف پیکیج، تفریح اور سفری الائونسز میں اضافہ

کراچی ( اسٹاف رپورٹر) سندھ کابینہ، سرکاری ملازمین کے لئے ریلیف پیکیج، یکم جولائی 2026 سے 2 فیصد تفریحی الاونس اور سفری الاؤنس میں 50 فیصد اضافے کی منظوری ، سندھ 5 لاکھ ٹن گندم خرید کرے گا،کابینہ نے معیشت، مالیات و صنعت، آبی شعبے، موسمیاتی تبدیلی اور سندھ مصنوعی ذہانت، ڈیجیٹل تبدیلی و ورچوئل اثاثہ جات کے لئے چار شعبہ جاتی ٹاسک فورسز کے قیام کی بھی منظوری دی۔ ٹاسک فورسز میں تکنیکی ماہرین، ماہرین تعلیم اور صنعتی نمائندے شامل ہوں گے۔ تعلیمی بورڈز کے چیئرمینوں کی عمر کی حد میں اضافہ کابینہ نے تعلیمی بورڈز کے چیئرمینوں کی بھرتی کی پالیسی میں ترامیم کی منظوری دیتے ہوئے زیادہ سے زیادہ عمر کی حد 55 سال سے بڑھا کر 63 سال کردی، تاکہ تجربہ کار امیدواروں کے لئے امیدواروں کا دائرہ وسیع کیا جاسکے۔کابینہ نے چیئرمین بورڈ آف سیکنڈری ایجوکیشن کراچی (بی ایس ای کے) اور چیئرمین بورڈ آف انٹرمیڈیٹ اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن حیدرآباد (بی آئی ایس ای حیدرآباد) کی آسامیوں کے لئے دوبارہ اشتہار دینے کی بھی منظوری دی۔ موجودہ امیدوار اہل رہیں گے اور انہیں دوبارہ درخواستیں جمع کرانے کی ضرورت نہیں ہوگی، مراد علی شاہ کی زیر صدارت اجلاس میں شرجیل میمن نے بریفنگ دی۔ تفصیلات کے مطابق جمعرات کو سندھ کے وزیر اعلیٰ سید مراد علی شاہ کی زیر صدارت صوبائی کابینہ کے اجلاس میں پالیسی، حکمرانی اور ترقیاتی اقدامات کے وسیع پیکیج کی منظوری دی گئی، اجلاس میں سرکاری ملازمین کے لئے ریلیف اقدامات، صوبائی ہیلتھ انشورنس اسکیم میں توسیع، چار اسٹریٹجک ٹاسک فورسز کا قیام، شعبہ تعلیم میں اصلاحات، صحت اور بنیادی ڈھانچے سے متعلق اہم فیصلے اور صوبے میں غذائی تحفظ کو مضبوط بنانے کے اقدامات شامل ہیں۔اجلاس میں صوبائی وزرا، مشیران، معاونین خصوصی، چیف سیکریٹری اور اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔ اجلاس میں حکمرانی میں اصلاحات، عوامی خدمات کی فراہمی، بنیادی ڈھانچے کی ترقی، تعلیم، صحت، سرمایہ کاری کے فروغ اور معاشی انتظام سے متعلق 22 نکاتی ایجنڈے پر غور کیا گیا۔سینئر وزیر اطلاعات و ٹرانسپورٹ شرجیل انعام میمن نے کابینہ کے اجلاس میں کئے گئے فیصلوں سے میڈیا کو آگاہ کیا۔شرجیل میمن نے بتایا کہ اجلاس کے آغاز میں وزیر اعلیٰ نے محکمہ خوراک کو ذخیرہ اندوزوں اور ناجائز منافع خوروں کے خلاف کارروائیاں مزید تیز کرنے، چھپائے گئے گندم کے ذخائر برآمد کرنے، مارکیٹ کی صورتحال پر کڑی نظر رکھنے اور آٹے کی قیمتوں کو مستحکم کرنے کے لئے تمام ضروری اقدامات کرنے کی ہدایت کی، تاکہ صارفین کو مصنوعی مہنگائی سے تحفظ فراہم کیا جاسکے، کابینہ نے صوبے میں گندم کے ذخائر کی صورتحال، مارکیٹ کے رجحانات، آٹے کی قیمتوں اور محکمہ خوراک کی جانب سے اسٹریٹجک ذخائر مضبوط بنانے اور مارکیٹ کی قیمتوں کو مستحکم رکھنے کے لئے پاسکو سے 2 لاکھ 20 ہزار 665 میٹرک ٹن گندم خریدنے کی تجویز کا جائزہ لیا۔کابینہ کو بتایا گیا کہ سندھ نے 2025-26 کے دوران 47 لاکھ میٹرک ٹن گندم پیدا کی، جبکہ گزشتہ ذخائر کو شامل کرنے کے بعد صوبے میں گندم کی مجموعی دستیابی 48 لاکھ 40 ہزار میٹرک ٹن تھی۔
اہم خبریں سے مزید