• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ورلڈ فوڈ پروگرام اور محکمہ خوراک کے مابین باہمی تعاون بڑھانے پر اتفاق

پشاور(جنگ نیوز)وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کے معاون خصوصی برائے خوراک ڈاکٹر محمد اسرار خان سے ورلڈ فوڈ پروگرام (WFP) کے وفد نے کنٹری ڈائریکٹر انیتا ہرش کی سربراہی میں گزشتہ روز پشاور میں ملاقات کی۔ ملاقات میں سیکرٹری محکمہ خوراک شاہ محمود، ڈائریکٹر جنرل خیبرپختونخوا فوڈ سیفٹی اینڈ حلال فوڈ اتھارٹی کاشف اقبال جیلانی اور متعلقہ افسران بھی شریک تھے۔ملاقات کے دوران وفد کو غذائیت پروگرامز، گندمکے اسٹریٹجک ریزرو سسٹم، محکمانہ امور کی ڈیجیٹلائزیشن، استعدادِ کار میں اضافے، محفوظ و معیاری خوراک کی فراہمی، فوڈ سیکیورٹی اور دیگر اصلاحاتی اقدامات پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ بریفنگ میں بتایا گیا کہ حکومت خیبرپختونخوا گندم کے اسٹریٹیجک ریزرو سسٹم کو مزید مؤثر بنانے، موجودہ محکمانہ ڈیجیٹل اصلاحات میں وسعت دینے اور عوام کو غذائیت سے بھرپور خوراک کی فراہمی کے لیے عملی اقدامات کر رہی ہے۔ اس کے علاوہ گندم کے گوداموں کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے کی کاوشیں جاری ہے تاکہ طویل مدت تک گندم کی محفوظ ذخیرہ یقینی بنایا جا سکے اور مستقبل میں کسی بھی ممکنہ قلت سے بچا جا سکے۔ملاقات میں اسکولوں کے بچوں کے لیے صحت مند غذائی پالیسیوں، غذائیت کے فروغ اور باہمی دلچسپی کے دیگر شعبوں پر بھی تفصیلی تبادلۂ خیال کیا گیا، ملاقات کیدوران محکمہ خوراک خیبرپختونخوا اور ورلڈ فوڈ پروگرام کے درمیان مختلف شعبوں میں تعاون پر اتفاق کیا گیا۔اس موقع پر ورلڈ فوڈ پروگرام کے کنٹری ڈائریکٹر انیتا ہرش نے محکمہ خوراک اور خیبرپختونخوا فوڈ سیفٹی اینڈ حلال فوڈ اتھارٹی کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ حکومت خیبرپختونخوا کی جانب سے عوام کو محفوظ، معیاری اور صحت بخش خوراک کی فراہمی کے لیے کیے جانے والے اقدامات قابلِ تحسین ہیں۔معاون خصوصی برائے خوراک ڈاکٹر محمد اسرار خان نے کہا کہ حکومت خیبرپختونخوا عوام کے بہترین مفاد، غذائی تحفظ اور صحت مند معاشرے کے قیام کے لیے ورلڈ فوڈ پروگرام کے ساتھ ہر ممکن تعاون جاری رکھے گی۔ انہوں نے کہا کہ مشترکہ حکمتِ عملی اور باہمی تعاون صوبے میں غذائی تحفظ کو مزید مستحکم کرنے اور صحت مند خوراک کے فروغ میں اہم کردار ادا کرے گا۔
پشاور سے مزید