پشاور (خصوصی نامہ نگار) کوہستان بالا میں حفاظتی ٹیکہ جات کی سہولیات بہتر بنانے کے لئے دیہی مرکز صحت (آر ایچ سی) داسو میں ڈیجیٹل امیونائزیشن ہب قائم کر دیا گیا ہے۔ یہ منصوبہ حجرہ ویلیج سپورٹ آرگنائزیشن نے ضلعی محکمہ صحت کے تعاون سے شروع کیا ہے، جس کا مقصد ڈیجیٹل ڈیٹا مینجمنٹ، بہتر نگرانی اور مؤثر رابطہ کاری کے ذریعے معمول کی ویکسینیشن خدمات کو مضبوط بنانا ہے۔ آرگنائزیشن کے ٹیم لیڈ ڈاکٹر منیب الرحمٰن کے مطابق کوہستان بالا میں دشوار گزار جغرافیہ اور محدود سہولیات کے باعث ویکسینیشن کی شرح متاثر رہی ہے۔ ڈیجیٹل ہب کے قیام سے ویکسینیشن کی کوریج، ڈیٹا مینجمنٹ اور دور دراز علاقوں کے بچوں تک بروقت رسائی میں بہتری آئے گی۔ اس منصوبے کا افتتاح ڈپٹی کمشنر کوہستان طارق علی خان نے کیا، جنہوں نے اس اقدام کو صحت کی خدمات کی بہتری کی جانب اہم پیش رفت قرار دیا۔