کراچی (اسٹاف رپورٹر ) رینجرز اور ایس آئی یو پولیس نے ملیر میمن گوٹھ کے قریب مبینہ مقابلے میں تین ملزمان کو ہلاک جبکہ ایک ملزم کو زخمی حالت میں گرفتار کر کے اسلحہ، موبائل فونز ، کیش رقم ااور دیگر سامان برآمد کر لیا ، ہلاک و گرفتار ملزمان مبینہ طور پربھتہ خوری سمیت دیگر سنگین جرائم کی وارداتوں میں ملوث رہے ہیں، تعلق عبدالصمد کاٹھیاواڑی گروہ سے ہے ،پولیس کے مطابق سومار کنڈانی گوٹھ کے راستے پر مشترکہ کارروائی کے دوران ملزمان نے اندھا دھند فائرنگ شروع کر دی ، دونوں جانب سے فائرنگ کا تبادلہ آدھے گھنٹے سے زائد دیر تک جاری رہا ، اس موقع پر پولیس کی اضافی نفری بھی طلب کی گئی ، فائرنگ کے تبادلے میں 28 سالہ شاہ رخ ولد افتخار ، 48 سالہ راہب ولد مسرت اور 26 علی حمزا ولد نظیر ہلاک جبکہ 29 سالہ محمد وسیم ولد محمد صفدر زخمی ہوا ،ملزمان منگھوپیر، نیو کراچی، گلبرگ اور ملیر کے علاقوں میں کاروباری افراد اور بلڈرز کو بھتہ دینے کے لئے دھمکی آمیز کالز اور بھتہ نہ دینے کی صورت میں سنگین نتائج کی دھمکیاں دینے میں ملوث ہیں ، زخمی وسیم نے انکشاف کیا کہ میمن مال ملیر پر فائرنگ کرنے کے لئے پسٹل نیو کراچی سے حاصل کیا تھا، دوسری کارروائی میں 1 ملزم کو کیماڑی ٹاؤن سے بلا ضرب گرفتار کیا گیا جسکا تعلق وصی اللہ لاکھو گروپ سے ہے، دریں اثنا دیگر علاقوں میں پولیس نے مبینہ مقابلوں میں5 زخمی سمیت 6 ملزمان کو گرفتار کر کے اسلحہ اور دیگر مسروقہ سامان برآمد کیا گیا۔