کراچی (اسٹاف رپورٹر) سندھ کے تمام بلدیاتی اداروں میں ہائی الرٹ، افسران اور ملازمین کی چھٹیاں فوری طور پر منسوخ، وزیر بلدیات سندھ سید ناصر حسین شاہ سے سیکریٹری بلدیات سندھ وسیم شمشاد نے اہم ملاقات کی، ملاقات میں صوبے بھر میں ممکنہ مون سون بارشوں، شہری علاقوں میں نکاسی آب کے انتظامات، بلدیاتی اداروں کی تیاریوں اور ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے کیے گئے اقدامات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ وزیر بلدیات نے ممکنہ بارشوں کے پیش نظر صوبے کے تمام بلدیاتی اداروں، میونسپل کارپوریشنز، میونسپل کمیٹیز، ٹاؤن میونسپل کارپوریشنز، واٹر اینڈ سیوریج سے متعلق اداروں اور متعلقہ محکموں کو فوری طور پر ہائی الرٹ رہنے کی ہدایت جاری کرتے ہوئے کہا کہ عوام کو کسی بھی قسم کی دشواری سے بچانے کیلئے تمام انتظامات قبل از وقت مکمل کیے جائیں۔