اسلام آباد(خالد مصطفیٰ ) خریف سیزن کے دوران دریاؤں میں پانی کی آمد بڑھنے سے پاکستان کے تین بڑے آبی ذخائر میں پانی کی مقدار 8.028 ملین ایکڑ فٹ (ایم اے ایف) تک پہنچ گئی ہے، جو مجموعی لائیو اسٹوریج صلاحیت 13.149 ایم اے ایف کا 61.2 فیصد بنتی ہے۔ انڈس ریور سسٹم اتھارٹی (ارسا) کے مطابق دریائے سندھ، چناب اور کابل میں بہتر بہاؤ کے باعث تربیلا، منگلا اور چشمہ میں ذخیرہ مسلسل بڑھ رہا ہے، اگرچہ دریائے جہلم کے کیچمنٹ میں کم بارش کے سبب منگلا میں پانی کی آمد نسبتاً محدود رہی۔