کراچی (ٹی وی رپورٹ) چیئرمین پارلیمانی کشمیر کمیٹی رانا محمد قاسم نون نے کہا کہ آزاد کشمیر میں مسلم لیگ نون اور پیپلز پارٹی کو مخلوط حکومت بنانی چاہئے ۔ رکن پارلیمانی کشمیر کمیٹی مرزا اختیار بیگ نے اس بات سے اتفاق کرتے ہوئے کہا کہ محسوس ہو رہا ہے کہ آنے والے وقت میں کشمیر پر کشیدگی بڑھے گی لہٰذا تمام سیاسی جماعتیں اگر ایک پیج پر ہوں گی تو بروقت اور صحیح فیصلہ کرسکیں گی۔کشمیر سے نمائندگان جیو نیوز عابد شاہ ، رانا انصر اور عارف عرفی نے کہا کہ آج کے الیکشن میں مجموعی طور پر ٹرن آؤٹ کم رہا ہے۔ وہ جیو نیوز کے پروگرام ’کیپٹل ٹاک‘ میں حامد میر سے گفتگو کر رہے تھے۔پروگرام کے آغاز میں میزبان حامد میر نے کہا کہ آزاد کشمیر کے الیکشن کا پاکستان کی سیاست پر کیا اثر ہوگا۔بھارتی وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ نے کہا ہے کہ آزاد کشمیر انڈیا کا حصہ ہے انہیں تاریخ کا مطالعہ کرنا چاہئے۔