آپ کے مسائل اور ان کا حل
سوال: میں روزگار کے لیے آن لائن کام شروع کرنا چاہتا ہوں، براہِ کرم ایسے آن لائن کاموں کی فہرست بتائیں جو شریعتِ اسلامیہ کے مطابق جائز ہوں اور جن سے حاصل ہونے والی آمدنی بھی حلال ہو! نیز "گیسٹ پوسٹنگ (Guest Posting)" کے کام کے بارے میں بھی وضاحت فرمائیں کہ آیا یہ شرعاً جائز ہے؟ اگر جائز ہے تو کن شرائط کے ساتھ؟ اور اس سے حاصل ہونے والی آمدنی حلال ہوگی یا نہیں؟ اگر اس کام کی کچھ صورتیں ناجائز ہوں تو ان کی بھی وضاحت فرما دیں!
جواب: آن لائن کام کرنے کی مختلف جائز صورتیں ہوسکتی ہیں، اگر آپ آن لائن خریدوفروخت کرنا چاہتے ہیں تو کسی بھی جائز چیز کو آن لائن فروخت کرکے نفع کما سکتے ہیں، البتہ اس معاملے کے صحیح ہونے کے لیے خریدوفروخت کی دیگر شرائط ملحوظ رکھنے کے ساتھ، خاص طور پر یہ بھی ضروری ہے کہ فروخت کردہ چیز آپ کی ملکیت اور قبضے میں ہو، جو چیز آپ کے قبضے میں نہ ہو اسے بیچنا شرعاً جائز نہیں، ہاں ایسی صورت میں بیچنے کا وعدہ کیا جاسکتا ہے، پھر جب وہ چیز آپ کی ملکیت اور قبضے میں آجائے تو سودا کرلیا جائے یا اس صورت میں (یعنی جب کہ چیز ملکیت و قبضے میں نہیں ہے) خریدوفروخت کا معاملہ کرنے کے بجائے کمیشن متعین کرکے بطورِ بروکر کام کیا جائے، یعنی آن لائن آرڈر لے کر کسی دکان وغیرہ سے چیز خرید کر خریدار تک پہنچائیں اور اپنے اس عمل اور محنت کی اجرت متعین کرکے وصول کریں، نیز یہ بھی ملحوظ رہے کہ کرنسی اور سونا، چاندی کی خرید و فروخت آن لائن درست نہیں، کیوں کہ ان اشیاء کی خرید و فروخت صحیح ہونے کے لیے مجلسِ عقد میں ہی جانبین سے قبضہ ضروری ہے، یعنی خریدار یا اس کا وکیل فروخت کردہ چیز پر اور فروخت کنندہ یا اس کا وکیل قیمت پر اسی مجلس میں قبضہ کریں جس میں سودا ہوا ہے۔
اگر آپ آن لائن کوئی کام (ڈیزائننگ، ایڈیٹنگ وغیرہ) لے کر اسے مکمل کرنے کے بعد اس کی اجرت (مزدوری) لینا چاہتے ہیں تو اس کے لیے ضروری ہے جو کام آپ کریں وہ جائز ہو، ذی روح کی تصاویر، موسیقی یا دیگر ناجائز اُمور پر مشتمل نہ ہو ،نیز اس کے ذریعے کسی حرام کام میں معاونت نہ ہو، اسی طرح اس کام میں دھوکا دہی اور جھوٹ بھی نہ ہو۔ یہ آپ کے سوال کا اصولی جواب ہے ، اگر آپ کے پیشِ نظر آن لائن کام کی کوئی خاص صورت ہے تو اس کی مکمل تفصیلات لکھ کر ارسال کردیجیے، ان شاءاللہ راہ نمائی کی جائے گی۔
گیسٹ پوسٹنگ (Guest Posting) کا کام فی نفسہٖ شرعاً جائز ہے، کیوں کہ یہ ایک جائز خدمت (اجارہ)ہے، جس میں کسی چھوٹی ویب سائٹ کا آرٹیکل دوسری بڑی ویب سائٹ پر معاوضے کے عوض شائع کرایا جاتا ہے، اس خدمت کے بدلے حاصل ہونے والی آمدنی بھی حلال ہے، بشرطیکہ درج ذیل شرائط کی پابندی کی جائے:1. جس ویب سائٹ یا آرٹیکل کی تشہیر کی جا رہی ہو، اس کا کاروبار اور مواد شرعاً جائز ہو۔2. شراب، جوا، سود، فحاشی، میوزک، فلمز اور دیگر ناجائز کاروبار یا ان کی تشہیر کے لیے گیسٹ پوسٹنگ نہ کی جائے۔3. آرٹیکل میں جھوٹ، دھوکا اور جعل سازی نہ ہو۔لہٰذا اگر کسی کمپنی یا ویب سائٹ یا آرٹیکل میں درج بالا خرابیاں موجود ہوں گی ،اس کے لیے گیسٹ پوسٹنگ کرنا جائز نہیں ہوگا اور آمدن بھی جائز نہیں ہوگی۔