اسلام آباد (اسرار خان) پاکستان کی جانب سے ویلیو ایڈڈ معدنی برآمدات میں غیر ملکی سرمایہ کاری کو راغب کرنے کی کوششوں کو غیر یقینی صورتحال کا سامنا ہے، کیونکہ حکومت پنجاب نے پاکستان منرل ڈویلپمنٹ کارپوریشن کا ورچھا راک سالٹ کا لیز معطل کر دیا ہے اور اسی 291 ایکڑ کے کان کنی کے علاقے کی نیلامی ایک نجی کمپنی کے حق میں کر دی ہے۔ اس فیصلے کے باعث امریکہ کی مجوزہ 200 ملین ڈالر کی سرمایہ کاری خطرے میں پڑ گئی ہے۔ اس معاملے سے پیدا ہونے والا تنازع اس منصوبے کے لیے خطرہ بن گیا ہے اور اسپیشل انویسٹمنٹ فسیلیٹیشن کونسل کی جانب سے اسٹریٹجک غیر ملکی سرمایہ کاری کو فروغ دینے کی کوششوں کے باوجود سرمایہ کاروں کے اعتماد کو بھی کمزور کر سکتا ہے، یہ بات اس معاملے سے واقف ایک سینئر سرکاری عہدیدار نے بتائی۔ پاکستان منرل ڈویلپمنٹ کارپوریشن وفاقی حکومت کی ملکیتی کان کنی کی کمپنی ہے، جو پیٹرولیم ڈویژن کے ماتحت کام کرتی ہے۔