اسلام آباد (خبر نگار) پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی سیکرٹری اطلاعات شیخ وقاص اکرم نے مو وجودہ حکومتی نظام کو شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا ہے کہ حکمران اتحاد اپنی پیدا کردہ سیاسی، آئینی اور معاشی مشکلات میں خود پھنس چکا ہے اور اب ان مسائل سے توجہ ہٹانے کی کوشش کر رہا ہے، نئے انتظامی یونٹس کے قیام کی بحث عوام کی توجہ معاشی بحران سے ہٹانے کی کوشش ہے، جبکہ ایسے فیصلوں کا کوئی اخلاقی یا آئینی جواز موجود نہیں انہوں نے وزیر داخلہ محسن نقوی کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ اصل مسئلہ پارلیمانی نظام نہیں بلکہ عوامی مینڈیٹ کو تسلیم نہ کرنا اور آئین سے انحراف ہے، غیر منتخب قوتوں کی سرپرستی میں قائم حکومت نے ادارہ جاتی مفلوجی کو جنم دیا،انہوں نے بانی چیئرمین عمران خان اور بشریٰ بی بی کی جیل میں حالت پر بھی شدید تشویش ظاہر کی۔ بیان میں امیکس کیوری سلمان صفدر کے حوالے سے دعویٰ کیا گیا کہ عمران خان طویل قید اور تنہائی کے باعث اپنی دائیں آنکھ کی 85 فیصد بینائی سے محروم ہو چکے ، جبکہ ممکنہ خون کے لوتھڑے اور دیگر طبی پیچیدگیوں کے باوجود انہیں صرف آئی ڈراپس دئیے جاتے رہے، جو ذہنی اور جسمانی تشدد کے مترادف ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ بشریٰ بی بی کی رات کے وقت مبینہ طور پر اہل خانہ کو اطلاع دئیے بغیر آنکھ کا آپریشن کیا گیا اور بعد ازاں انہیں دوبارہ تنہائی میں منتقل کر دیا گیا، یہ انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ عمران خان لاکھوں پاکستانیوں کے لئے "ریڈ لائن" ہیں اور اگر ان کی صحت یا زندگی کو کوئی نقصان پہنچا تو اس کی مکمل ذمہ داری موجودہ حکومت اور متعلقہ جیل انتظامیہ پر عائد ہو گی۔