کراچی(اسٹاف رپورٹر) پاکستان ایتھلیکٹس فیڈریشن کے سابق صدر میجر جنرل (ر) اکرم ساہی نے گلاسگوکامن ویلتھ گیمز میں جیولین تھرو اسٹار ارشد ندیم کی کار کردگی پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے اسے حد درجہ مایوس کن قرار دیا اورکہا کہ ہماری فیڈریشن نے دس سال اس کھلاڑی پر محنت کی،ارشد ندیم کو اسپانسر شپ کی مدد سے تمام سہولت فراہم کر کے عالمی مقابلوں کے لئے تیار کیا تھا،مگر اولمپکس گولڈ میڈ جیتنے کے بعد جس طرح پاکستانی ہیرو کو ہائی جیک کیا گیا اس کے مایوس کن نتائج کامن ویلتھ گیمز میں سامنے آگئے، ارشد ندیم سے اس قدر مایوس کن کار کردگی کی امید نہیں تھی،اکرم ساہی جو سائوتھ ایشین ایتھلیکٹس فیڈریشن کے چیئرمین بھی ہیں اس بات پر خوشی کا اظہار کیا کہ جیولین تھرو کےتمام میڈلز سائوتھ ایشیا میں آئے،انہوں نے کہا کہ یہ بات خوش آئند ہے کہ اولمپکس میڈل کے بعد حکومتی سطح پر ارشد ندیم کے ساتھ بھر پور تعاون کیا گیا۔ ارشد ندیم کو ایک ماہ پہلے ٹریننگ کے گلاسگو بھیجا جاتا تاکہ وہ وہاں کے موسم اور حالات سے ایڈ جسٹ ہوسکتا۔