اسکردو، کھٹمنڈو(ایجنسیاں ) پاکستان کے شمالی علاقے میں واقع براڈ پیک پر برفانی تودہ گرنے کے نتیجے میں ہلاک ہونے والے معروف برطانوی نژاد نیپالی کوہ پیما نرمل پوجا کو اپنی تاریخی مہم’ پروجیکٹ پوسیبل ‘ کے ذریعے جدید کوہ پیمائی کے معیارات بدلنے کے حوالے یاد رکھا جائے گا۔
نرمل پوجا نے برطانیہ کی بریگیڈ آف گورکھاز اور بعد ازاں رائل میرینز کی اسپیشل بوٹ اسکواڈرن میں خدمات انجام دیں، مگر اصل شہرت انہیں کوہ پیمائی کے میدان میں ملی۔
2019ء میں انہوں نے دنیا کی 14 بلند ترین 8 ہزار میٹر سے زائد بلند چوٹیوں کو صرف 6 ماہ اور 6 دن میں سر کر کے 7 سال پر محیط سابق عالمی ریکارڈ توڑ دیا۔
ان کی یہ تاریخی مہم ’پروجیکٹ پوسیبل‘ کے نام سے دنیا بھر میں مشہور ہوئی۔
حادثے سے قبل نرمل پوجا بغیر اضافی آکسیجن دنیا کی تمام 14 بلند ترین چوٹیوں کو دوسری مرتبہ سر کرنے کے تاریخی مشن کے آخری مرحلے میں تھے۔
مہم کا انتظام کرنے والی کمپنی نے ان کی ہلاکت کی تصدیق کر دی ہے، اس مہم کے دیگر ارکان کی لاشیں بھی برآمد ہوگئی ہیں۔
نرمل پوجا کی ہلاکت پر نیپالی وزیراعظم نے سوشل میڈیا پر اظہار تعزیت بھی کیا تھا۔
ان کی کمپنی ایلیٹ ایکسپیڈیشنز نے ہفتے کے روز ان کی ہلاکت کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ مہم کے دیگر ارکان بھی حادثے میں جاں بحق ہو گئے۔
واضح رہے کہ جمعرات کو براڈ پیک (8,047 میٹر) پر تقریباً 6,600 میٹر کی بلندی پر 10 رکنی بین الاقوامی ٹیم برفانی تودے کی زد میں آگئی، جس کے بعد ان سے رابطہ منقطع ہوگیا تھا۔