اسلام آباد (اسرار خان)اسپن وام گیس کی فروخت کا ٹھیکہ یونیورسل گیس ڈسٹری بیوشن کمپنی کے سپرد، 15 مئی کی بولیوں کے بعد یونیورسل گیس ڈسٹری بیوشن کامیاب قرار، لیٹر آف ایوارڈ جاری۔ تفصیلات کے مطابق ماری انرجیز لمیٹڈ نے یونیورسل گیس ڈسٹری بیوشن کمپنی (پرائیویٹ) لمیٹڈ کو وزیرستان بلاک میں واقع اسپن وام گیس دریافت سے یومیہ 17.5 ملین معیاری مکعب فٹ تک گیس کی فروخت کا معاہدہ دے دیا ہے۔ یہ پیش رفت پاکستان کے تھرڈ پارٹی گیس سیل فریم ورک کے تحت اس گیس فیلڈ کو تجارتی بنیادوں پر فعال بنانے کی جانب ایک اہم قدم قرار دی جا رہی ہے۔ کمپنی، جو پہلے ماری پیٹرولیم کمپنی لمیٹڈ کے نام سے جانی جاتی تھی، نے پیر کے روز پاکستان اسٹاک ایکسچینج کو بھیجے گئے ایک نوٹس میں بتایا کہ اس نے 15 مئی 2026 کو بولیاں طلب کرنے کے بعد یونیورسل گیس ڈسٹری بیوشن کمپنی (پرائیویٹ) لمیٹڈ کو لیٹر آف ایوارڈ جاری کر دیا ہے۔ کمپنی نے کہا، ’’اب دونوں فریق 7 جنوری 2025 کو ایس آر او نمبر 11(I)/2025 کے ذریعے جاری کیے گئے ʼتھرڈ پارٹیز کو گیس کی فروخت کے فریم ورک کے تحت درکار ریگولیٹری اور دیگر لازمی منظوریوں کے حصول کے لیے کارروائی کریں گے۔‘‘