اسلام آباد (اسرار خان) پاکستان کی پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ اتھارٹی نے پیر کو اسلام آباد میں مجوزہ ٹیکنوپولس کو پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے تحت تیار کرنے کے لیے مالی معاونت کی منظوری دے دی۔ اتھارٹی نے نیشنل ہائی وے اتھارٹی کو مجوزہ ایم10 کراچی-حیدرآباد موٹروے اور گورو نانک ایکسپریس وے کے لیے بین الاقوامی مالیاتی اداروں کو براہِ راست ٹرانزیکشن ایڈوائزرز کے طور پر مقرر کرنے کی بھی اجازت دے دی۔ یہ فیصلے پی تھری اے بورڈ کے اجلاس میں کیے گئے، جس کی صدارت وزیراعظم کے نجکاری کے امور کے مشیر اور بورڈ کے چیئرمین محمد علی نے کی۔ اجلاس میں پی تھری اے، اسپیشل ٹیکنالوجی زونز اتھارٹی، ریلوے اسٹیٹ ڈویلپمنٹ اینڈ مارکیٹنگ کمپنی اور نیشنل ہائی وے اتھارٹی کے اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔