آپ کے مسائل اور ان کا حل
سوال: میں ایک کریانہ کی دکان سے گھر کی ضرورت کی اشیاء لیا کرتا اور رقم کھاتے میں لکھوا دیتا تھا، ہفتے بعد ٹوٹل رقم جمع کروا کر میں ادا کر دیتا تھا، اسی طرح تقریباً کچھ ماہ چلتا رہا، اس کے بعد میں دوسرے شہر چلا گیا اور اس ہفتے کا بل جمع نہ کروا سکا، اب میں واپس آیا ہوں، لیکن اس بات کو دو سال گزر چکے ہیں، میں نے دکاندار سے اپنے بقایا کے بارے میں پوچھا تو وہ کہتا ہے کہ اسے اس بارے میں کچھ یاد نہیں کہ میں نے اسے پیسے دینے ہیں یا نہیں؟
مجھے اتنا یاد ہے کہ میں نے پیسے دینے تھے، لیکن کتنی رقم ،اب یاد نہیں ہے، (تقریباً 4 ہزار روپے سے کم)، اب مجھے کیا کرنا چاہیے؟
جواب: صورتِ مسئولہ میں جب آپ کو یہ یاد ہے کہ آپ کے ذمہ دکاندار کو پیسے ادا کرنا باقی ہے، تو ادائیگی کے بغیر آپ بریء الذمہ نہیں ہوں گے، لیکن آپ اور دکان دار، دونوں کو ہی اس رقم کی مقدار یقینی طور پر یاد نہیں ہے، تو اس کے تعین کا درست طریقہ یہ ہے کہ جتنی رقم آپ کے غالب گمان کے مطابق بنتی ہے، باہمی رضامندی سے وہ رقم طے کر کے ادا کردیں، اور کمی بیشی معاف کروالیں۔
اگر دکان دار از خود آپ کو یہ رقم معاف کردے تو آپ کے ذمے یہ ادائیگی باقی نہیں رہے گی۔ (الأشباہ والنظائر، ص:52، ط:دار الکتب العلميۃ)