اسلام آباد(خالد مصطفیٰ)ٹرانسپورٹرز کی ہڑتال ٹیکسٹائل انڈسٹری کی برآمدات متاثر ہونے کی سخت وارننگ، بندرگاہوں پر کنٹینرز پھنس گئے، برآمد کنندگان کو ڈیڈ لائنز پوری کرنے میں شدید مشکلات تفصیلات کے مطابق پاکستان کی ٹیکسٹائل انڈسٹری نے خبردار کیا ہے کہ ملک بھر میں جاری ٹرانسپورٹرز کی ہڑتال کی وجہ سے برآمدی ترسیلات میں خلل پڑ رہا ہے، خام مال کی فراہمی کا سلسلہ رک گیا ہے، اور صنعتی پیداوار کو شدید خطرہ لاحق ہو گیا ہے، کیونکہ ملک بھر میں مال برداری شدید متاثر ہے۔ آل پاکستان ٹیکسٹائل ملز ایسوسی ایشن (اپٹما) نے کہا ہے کہ روڈ فرائٹ سروسز (روڈ کے ذریعے مال برداری کی خدمات) کی طویل معطلی کے باعث کنٹینرز بندرگاہوں اور ٹرمینلز پر پھنسے ہوئے ہیں، جبکہ برآمد کنندگان کو ترسیل کی آخری تاریخیں پوری کرنے میں شدید مشکلات کا سامنا ہے۔