لاہور (آصف محمود بٹ) سول سروسز اکیڈمی (سی ایس اے) نے ماڈل یونائیٹڈ نیشنز (ایم یو این) کو کامن ٹریننگ پروگرام (سی ٹی پی) کا مستقل حصہ بنانے کا فیصلہ کرلیا ہے، جبکہ ڈائریکٹر جنرل سول سروسز اکیڈمی فرحان عزیز خواجہ نے ہدایت کی ہے کہ آئندہ تربیتی بیچز کے تمام زیرِ تربیت افسران کو 15 متوازی کمیٹیوں پر مشتمل توسیع شدہ اور کثیر روزہ ماڈل یونائیٹڈ نیشنز مشق میں بطور مندوب شرکت کا موقع فراہم کیا جائے۔یہ فیصلہ اکیڈمی میں ایتھیکل لیڈرشپ سوسائٹی کے زیرِ اہتمام منعقدہ پہلے سی ایس اے ماڈل یو این 26 کے کامیاب پائلٹ کے بعد کیا گیا ہے، جس نے ثابت کیا کہ ماڈل یونائیٹڈ نیشنز کو مستقبل کے سول سرونٹس میں اخلاقی قیادت، مذاکرات، ابلاغ، اتفاقِ رائے پیدا کرنے، رسمی مسودہ نویسی اور فیصلہ سازی کی عملی تربیت کے مؤثر ذریعہ کے طور پر استعمال کیا جاسکتا ہے۔ڈی جی کی ہدایت کے نتیجے میں ماڈل یونائیٹڈ نیشنز محض ایک نمائشی یا محدود سرگرمی کے بجائے سی ٹی پی کے باقاعدہ تربیتی نظام کا حصہ بن جائے گا۔ مجوزہ ماڈل کے تحت ہر زیرِ تربیت افسر کو بامعنی ذمہ داری سونپی جائے گی جبکہ مشق کو سی ٹی پی کیلنڈر میں مستقل جگہ دی جائے گی۔