لاہور (آصف محمود بٹ) وفاقی وزیر منصوبہ بندی، ترقی و خصوصی اقدامات پروفیسر احسن اقبال نے کہا ہے کہ پاکستان کے وسیع معدنی وسائل کو طویل المدتی معاشی قدر میں تبدیل کرنے کیلئے مربوط قومی معدنی پالیسی ناگزیر ہے، قدرتی دولت کو جدید ٹیکنالوجی، تحقیق، سرمایہ کاری اور صنعتی ترقی سے منسلک کرنا ہوگا، محض معدنی خام مال نکال کر برآمد کرنے کے بجائے پراسیسنگ، ریفائننگ اور ویلیو ایڈیشن کو ترجیح دینا ہوگی، تب ہی ملک اپنے معدنی وسائل سے حقیقی معاشی فوائد حاصل کرسکتا ہے۔وہ نیشنل اسکول آف پبلک پالیسی (این ایس پی پی) کے زیر اہتمام بیکن ہاؤس نیشنل یونیورسٹی (بی این یو) اور برکی انسٹی ٹیوٹ آف پبلک پالیسی اینڈ ریسرچ (بی آئی پی پی آر) کے اشتراک سے منعقدہ دو روزہ چوتھی پبلک پالیسی کانفرنس ’’پاکستان میں نایاب ارضی معدنیات: مواقع اور چیلنجز‘‘ کی افتتاحی نشست سے خطاب کررہے تھے۔