کراچی(رفیق مانگٹ)جنتر منتر احتجاج کے بعد بھارت میں الفا جنریشن کی نئی احتجاجی لہر،بھارت کی پانچ ریاستوں، میں اسکول کے بچوں کی احتجاجی تحریک پھیل گئی،مدھیہ پردیش میں طلبہ کا احتجاج، ٹرانسپورٹ اور فیس مسائل نمایاں،نئی دہلی کے جنتر منتر پر زی جنریشن کی قیادت میں ہونے والے طویل احتجاج کے بعد بھارت میں ایک نیا سماجی و تعلیمی رجحان ابھر کر سامنے آیا ہے، جس نے مودی حکومت کو ایک نئے چیلنج یعنی الفا جنریشن کے بحران سے دوچار کر دیا ہے۔ کاکروچ جنتا پارٹی کے 50 روزہ احتجاج کے نتیجے میں وفاقی وزیرِ تعلیم کو استعفیٰ دینا پڑا، جس کے فوراً بعد ملک بھر میں اسکول کے بچوں کی جانب سے احتجاجی سرگرمیوں کا ایک سلسلہ شروع ہو گیا۔ اس پس منظر میں الفا جنریشن یعنی 2010 کے بعد پیدا ہونے والے بچے پہلی بار منظم انداز میں اپنے مسائل کے حل کے لیے سڑکوں پر نکل آئے ہیں۔ یہ بچے ابھی ووٹ دینے کی عمر کو نہیں پہنچے، مگر اپنے بنیادی تعلیمی حقوق کے لیے براہِ راست احتجاج کا راستہ اختیار کر رہے ہیں، جو بھارت کے سماجی ڈھانچے میں ایک نمایاں تبدیلی کی علامت سمجھا جا رہا ہے۔