• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

لیوی بھتہ ٹیکس ختم نہ کیا تو عوامی ریلا کوئی نہیں روک سکے گا، حافظ نعیم

کراچی(اسٹاف رپورٹر)امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمن نے کہا ہے کہ حکمران سن لیں! لیوی بھتہ ٹیکس ختم نہ کیا تو عوامی ریلا کوئی نہیں روک سکے گا۔ عوام پر ہر رات 12 بجے بجلی کے بم برساتے ہیں، یہ اشرافیہ نہیں بدمعاشیہ ہے،جاگیردار ،وڈیرے ،خان سردار ان سب کا اتحاد ہے۔ پیپلز پارٹی اور ایم کیو ایم ملکر کراچی کو تباہ کررہی ہیں۔ امیر جماعت اسلامی کراچی منعم ظفر خان نے کہا کہ ظلم اب نہیں چلے گا، بھتہ ٹیکس ہر صورت واپس لینا پڑے گا۔ وہ گورنر ہائوس کے باہر دھرنے کے چھٹے دن پیٹرولیم لیوی بھتہ ٹیکس کے خلاف احتجاجی جلسے سے خطاب کررہے تھے۔ جلسے سے امیر جماعت اسلامی صوبہ سندھ کاشف سعید شیخ، صدر سندھ ہائی کورٹ حسیب جمالی اور دیگر نے بھی خطاب کیا۔ امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمن نے مزید کہا کہ پاکستان کے حکمرانوں نے اپنی عیاشیوں پر کوئی سمجھوتا نہیں کیا اور لوٹ مار جاری ہے۔ ہمارے پیسوں سے بڑے بڑے محلات وزیر اعلی ہاؤسز ،ملٹری اور سول بیوروکریسی کی بڑی بڑی گاڑیوں موجود ہیں۔ عوام پر ہر روز رات 12 بجے بجلی کے بم برساتے ہیں۔ عوام کے لئے ان کے پاس طبقاتی نظام تعلیم ہے۔ پاکستان کے عوام کو بڑی تعداد میں تعلیم سے محروم کیا ہوا ہے۔ 79 سال میں پاکستان میں مارشل لاء کی حکومت رہی۔ جاگیردار ،وڈیرے ،خان سردار ان سب کا اتحاد ہے جنہوں نے عوام کا خون نچوڑا ہے۔ ان کے بچوں کے لئے سب کچھ ٹھیک ہے ، ہماری ماؤں بہنوں کے لئے ٹرانسپورٹ تک میسر نہیں ہے۔کراچی پورے پاکستان کو 67 فیصد ریوینیو دیتا ہے۔ حکمران صرف کراچی کے وسائل کو لوٹنا جانتے ہیں۔ وفاقی ہو یا صوبائی حکومت سب صرف کراچی کو لوٹتے ہیں۔ حکمران طبقہ شہر کے لوگوں کے ساتھ بے رحمی کا سلوک کرتے ہیں۔ بد قسمتی سے سیاسی جماعتیں کراچی کے عوام کی نمائندگی نہیں کرتیں۔ فارم 47 کی پیداوار جماعت کراچی کی نمائندگی کرنا ہی نہیں چاہتی۔ اتحاد اور یکجہتی سے حکمرانوں کے خلاف نا صرف کراچی بلکہ پورے پاکستان کا مقدمہ لڑنا ہے۔ سندھ میں پریا کماری ، ام رباب چانڈیو ، نصر اللہ گڈانی کے قاتلوں کو نہیں پکڑ سکتے۔ پیپلز پارٹی اسٹیبلشمنٹ کی اے پلس پارٹی ہے وہ آج تک بے نظیر کے قاتلوں کو نہیں پکڑ سکے۔ یہ کچھ نہیں کرسکتے ان کے خلاف عوام کا ریلا ہونا چاہئے۔ پورے ملک کے عوام میں بیداری کی کیفیت ہے۔ پیٹرولیم لیوی بھتہ ٹیکس کے خلاف دھرنے میں روز کی تعداد میں اضافہ ہوتا جارہا ہے۔ دھرنوں میں نوجوان بھی آئیں گے اور طالب علم بھی آئیں گے۔ حکمران سن لیں اگر پیٹرولیم لیوی بھتہ ٹیکس ختم نہ کیا تو عوام کا ریلا کوئی نہیں روک سکے گا۔ حکمران نوشتہ دیوار پڑھ لیں اب ان کو بھاگنے کا موقع نہیں ملے گا۔ حکمرانوں نے قوم کے ساتھ دشمنی کی ہے۔

اہم خبریں سے مزید