فیصل آباد (نمائندہ جنگ) سینئر سیاستدان اور سابق وفاقی پارلیمانی سیکرٹری رانا زاہد توصیف نے کہا ہے کہ 82ارب روپے کی لاگت سے جاری میٹرو بس منصوبے سے صرف ایک فیصد لوگ استفادہ کر سکتے ہیں جبکہ اس کے برعکس 30فیصد لوگ تکلیف میں مبتلا ہو جائیں گے کیونکہ سڑکیں چھوٹی ہونے سے ٹریفک کے مسائل پیدا ہوں گے۔ انہوں نے کہا ہے کہ اگر یہی کثیر رقم فیصل آباد کے مسائل حل کرنے اور پسماندگی کے خاتمہ کے لئے خرچ کی جاتی تو مسائل سو فیصد ٹھیک ہو جاتے اور فیصل آباد ورلڈ کلاس سٹی بن جاتا۔ شہر کے مختلف علاقوں میں 40 انڈر پاسز بنانے کی ضرورت ہے اور اگر ایک انڈر پاس کی تکمیل کا تخمینہ 50 کروڑ لگایا جائے تو مجموعی طور پر 20 ارب کی لاگت آئے گی۔ 08۔2007 میں رنگ روڈ کا تخمینہ لاگت چھ ارب روپے تھا جو 15 ارب میں تعمیرہو سکتی ہے۔