فیصل آباد (نمائندہ جنگ) پاکستان ٹیکسٹائل ایکسپورٹرز ایسوسی ایشن کے پیٹرن چیف خرم مختار نے کہا ہے کہ بجلی کے ٹیرف میں بار بار تبدیلی برآمدی مسابقت کے لئے شدید خطرہ بن چکی ہے۔ انہوں نے جولائی 2026 کے لیے 2.52/kWh فیول چارجز ایڈجسٹمنٹ کو ناقابل قبول قرار دیتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف اور خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل سے معاملہ فوری حل کروانے کی اپیل کی ہے۔ انہوں نے کہا ہے کہ پاور ڈویژن اور نیپرا کو B3/B4 وولٹیج کی سطح کی بے ضابطگی کو دور کرنے، سروس کی لاگت کی بنیاد پر صنعتی ٹیرف کو سختی سے معقول بنانے اور صنعت کے ساتھ مشاورت سے ایک متوقع طویل مدتی توانائی کا فریم ورک تیار کرنے کی ضرورت ہے۔برآمدی شعبہ ایسے ماحول میں کام جاری نہیں رکھ سکتا جہاں فیول چارجز ایڈجسٹمنٹ، سہ ماہی ٹیرف ایڈجسٹمنٹ، بیس ٹیرف میں ترمیم اور دیگر متواتر ایڈجسٹمنٹ کے ذریعے اس کی توانائی کی قیمت تقریباً ہر ماہ تبدیل ہوتی رہتی ہے۔