• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ٹرمپ کا فیلڈ مارشل کو فون، ایران کو مذاکرات کی میز پر لانے کیلئے اثر و رسوخ استعمال کی درخواست

اسلام آباد /تہران (طاہر خلیل /نیوزڈیسک ) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے گزشتہ ہفتے پاکستان کے آرمی چیف اور چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل عاصم منیر سے ٹیلی فونک گفتگو کی تھی۔ غیر ملکی میڈیا کے مطابق امریکا کی جانب سے بنیادی طور پر یہ درخواست کی گئی تھی کہ پاکستان اپنا اثر و رسوخ استعمال کرتے ہوئے ایران کو دوبارہ مذاکرات کی میز پر لائے۔خبررساں ایجنسی کا کہنا ہے کہ 2 پاکستانی ذرائع کے مطابق گزشتہ ہفتے ہونے والا یہ رابطہ صدر ٹرمپ کی جانب سے کیا گیا تھا۔ غیر ملکی میڈیا کے مطابق وائٹ ہاؤس کے پریس سیکرٹری کے دفتر نے اس خبر پر تبصرہ کرنے کی درخواست کا فوری طور پر کوئی جواب نہیں دیا اور فی الحال یہ واضح نہیں ہو سکا کہ فیلڈ مارشل عاصم منیر اور صدر ٹرمپ کے درمیان کن امور پر بات چیت ہوئی۔آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ فیلڈ مارشل عاصم منیر علاقائی امن و استحکام کے فروغ کے لیے پاکستان کی کوششوں کے سلسلے میں ایران پہنچے ہیںجبکہ فیلڈمارشل کا کہنا ہے کہ پاکستان خطے میں استحکام کی بحالی میں مدد کے لیے اپنی کوششیں جاری رکھے گا۔تفصیل کے مطابق فیلڈمارشل نے پیر کو تہران میں ایرانی صدرمسعود پزشکیان ‘ وزیرداخلہ اسکندر مومنی ‘وزیرخارجہ عباس عراقچی ‘ اسپیکر باقرقالیباف اور اعلیٰ قومی سلامتی کونسل کے سیکریٹری محسن رضائی سے ملاقاتیں کی ہیں جس میں باہمی تعلقات‘ سرحدی تعاون‘علاقائی امن و استحکام اور مشترکہ دلچسپی کے دیگر امور پر تبادلہ خیال کیاگیا ‘ اس موقع پر وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی بھی موجود تھے ‘ایرانی میڈیا کے مطابق قالیباف نے اسلام آباد مفاہمتی یادداشت پر عمل درآمد کے لیے تہران کے عزم کا اعادہ کیا۔ انہوں نے امریکا کو اس کے وعدے پورے نہ کرنے پر تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ واشنگٹن کے رویے نے خطے میں استحکام کی راہ میں رکاوٹ پیدا کی اور واشنگٹن پر اعتماد کو مزید کمزور کیاجبکہ فیلڈمارشل سے ملاقات میں گفتگو کرتے ہوئے محسن رضائی کا کہنا تھاکہ ہمیں امریکا پر اعتماد نہیں‘ اسے اپنا رویہ تبدیل کرنا ہوگا اور معاہدے کی شرائط پر عملدرآمد کے حوالے سے عملی اقدامات کرنا ہوں گے۔

اہم خبریں سے مزید