• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ایران کے 60 اداروں، افراد اور بحری جہازوں پر سخت امریکی پابندیاں

تہران /واشنگٹن (اے ایف پی /نیوز ڈیسک ) واشنگٹن نے ایران سے وابستہ 60اداروں‘ افراد اوربحری جہازوں پر سخت پابندیاں عائدکردیں جبکہ امریکی وزیرخزانہ اسکاٹ بیسنٹ نے عالمی رہنماؤں کو پیغام دیا ہے کہ وہ واشنگٹن کے ساتھ خوشحالی چاہتے ہیں یا تہران کے ساتھ تنہائی‘ایران کے پاس دو راستے ہیں،یاتووہ اقتصادی تنہائی کا سامنا کرے یا پھر عالمی معیشت میں شمولیت کا انتخاب کرے‘ اسکاٹ امریکا ایران کو معاشی طور پر تنہا کرنے کی مہم شروع کرنے کے لیے تیار ہے۔امریکی وزیر دفاع پیٹ ہیگسیتھ نے دھمکی دی کی ایران کیخلاف فوجی کارروائی خارج از امکان نہیں ہے، امریکی وزیرخزانہ نے پابندیوں کے پانچ اہم شعبوں کا بھی اعلان کیا، جن میں ڈیجیٹل اثاثے‘ ٹیکنالوجی‘ سونا‘ ہوا بازی اور جہاز رانی شامل ہیں۔ صدرٹرمپ کا کہنا ہے کہ ہم ایران سمیت سب کے خلاف جیت رہے ہیں جبکہ تہران اقتصادی اور عسکری اعتبار سے زوال کے بھنور میں پھنسا ہوا ہے‘ دوسری جانب چین کا کہنا ہےکہ پابندیوں سے مقاصد کے حصول میں مدد نہیں ملتی‘بیجنگ اپنے مفادات کا تحفظ کریگا‘تسنیم نیوز نے ایرانی سکیورٹی عہدیدار کے حوالے سے کہا ہے کہ امریکی معاشی پابندیوں کا منصوبہ ایرانی عوام پر نفسیاتی دباؤ بڑھانے کی ایک مہم ہےجبکہ ایرانی پارلیمنٹ کے اسپیکر باقرقالیباف کا کہنا ہے کہ ہمارے تجارتی شراکت دار امریکی بیانات کو خاطر میں نہیں لاتے‘ ایرانی وزیرتجارت علی مدنی زادہ نے امریکی پابندیوں کے جواب میں 2سالہ منصوبے کا اعلان کرتے ہوئے کہاہے کہ ہم صورتحال سے نمٹنے کے لیے تیارہیں ‘واشنگٹن کو ایک اور شکست کا سامنا کرنا پڑیگا۔ حوثی جنگجوؤں نے بحیرہ احمر میں سعودی آئل ٹینکر کو بیلسٹک میزائل سے نشانہ بنایاہے جس کے نتیجے میں جہاز کے عرشے پر آگ بھڑک اٹھی جبکہ تہران نے مقررہ قواعد و ضوابط کی خلاف ورزی پرہرمز سے گزرنے والے45آئل ٹینکرز کو بلیک لسٹ کر دیا ہے۔ پاسداران انقلاب نے خبردار کیا ہے کہ اگر ایران کے انفراسٹرکچر پر حملہ کیا گیا توامریکی توانائی کے اہم مراکز اور دیگر اہم مفادات کو نشانہ بنایا جائے گاجبکہ چین کے صدر شی جن پنگ نے بیجنگ میں اردن کے شاہ عبداللہ دوم سے ملاقات کے دوران کہا ہے کہ مشرقِ وسطیٰ کے بحران کی جڑ فلسطین کا مسئلہ ہے‘ خطے میں پائیدار امن واستحکام کے لیے مذاکرات کا عمل دوبارہ شروع ہونا چاہیے اور فلسطینی ریاست کے قیام کے دیرینہ ہدف کو عملی شکل دی جانی چاہیے ۔چینی وزیرخارجہ وانگ یی نے کہا ہے کہ مشرقِ وسطیٰ اور خلیج فارس کا خطہ ایک نازک موڑ پر پہنچ چکا ہے‘متعلقہ فریقوں کو جلد از جلد مذاکرات اور سفارتی رابطوں کی جانب واپس آنا چاہیے۔ انہوں نے یہ بات بیجنگ میں کویتی وزیر خارجہ شیخ جراح سے ملاقات کے دوران کہی۔عالمی توانائی ایجنسی نے واضح کیاہے کہ تزویراتی تیل ذخائر کے نئے اجرا کا کوئی منصوبہ زیر غورنہیں ۔ تفصیلات کے مطابق پیر کو پریس کانفرنس کرتے ہوئے امریکی وزیرخزانہ کا کہنا تھاکہ واشنگٹن ایران کو معاشی طور پر تنہا کرنے کی مہم شروع کرنے کے لیے تیار ہے۔ انہوںنے دعویٰ کیا کہ امریکی محکمۂ خزانہ نے ایرانی حکومت اور پاسدارانِ انقلاب کی آمدنی کے تمام اہم ذرائع کی نشاندہی کر لی ہے اور واشنگٹن ان ذرائع کو ہدف بنانے کے لیے تیار ہے‘امریکی وزیرخزانہ نے خبردار کیا کہ جو ممالک یا ادارے ایرانی حکومت کی معاونت جاری رکھیں گے وہ خود بھی ایران کی اقتصادی تنہائی میں کردار ادا کریں گے اور امریکی اقدامات کی زد میں آ سکتے ہیں۔

اہم خبریں سے مزید