اسلام آ باد (رانا غلام قادر، نیوز رپورٹر) وزیراعظم محمد شہباز شریف نے موڈیز کی جانب سے پاکستان کی کریڈٹ ریٹنگ Caa1 سے بڑھا کر B3 کرنے پر قوم کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان کی کریڈٹ ریٹنگ میں بہتری حکومت کی معاشی پالیسیوں اور اصلاحات پر عالمی اعتماد کا مظہر ہے۔ وزیراعظم نے ’ پاکستان نیشنل اولیو ویلیو چین پالیسی کے اجراء‘ کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ زرعی انقلاب کیلئے کسانوں کو ہرممکن معاونت فراہم کرینگے۔ اس موقع پر وزیراعظم نے 100نوجوان زرعی گریجویٹس کو اٹلی بھیجنے کا اعلان کیا۔ علاوہ ازیں وزیراعظم سے چیئرمین رطاج گروپ و تمیم ہولڈنگز شیخ نائف بن عید آل ثانی نے ملاقات کی جس میں انہوں نے پاکستان میں سرمایہ کاری بڑھانے میں گہری دلچسپی کا اظہار کیا،دریں اثناء وزیراعظم سے وزیرِ اعلی سندھ سید مراد علی شاہ نے گزشتہ روزملاقات کی۔ ملاقات میں صوبہ سندھ کے امور اور جاری ترقیاتی منصوبوں اور سیاسی معاملات پر بھی گفتگو ہوئی جبکہ سیاسی رواداری اور مشاورت قائم رکھنے پر اتفاق کیاگیا۔ وزیراعظم سے حکومت کی اتحادی جماعت استحکام پاکستان پارٹی کے وفد کی ملاقات کی جس میں ملک کی مجموعی صورتحال اور باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف نے موڈیز کی جانب سے پاکستان کی کریڈٹ ریٹنگ Caa1 سے بڑھا کر B3 کرنے پر قوم کو مبارکباد دی ہے۔ علاوہ ازیں پاکستان اور سنگاپور نے سفارتی تعلقات کے قیام کی 60 ویں سالگرہ کے موقع پر تجارت، سرمایہ کاری، ڈیجیٹل معیشت اور ماحولیاتی اقدامات سمیت متعدد شعبوں میں دوطرفہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کیا ہے۔اس موقع پر وزیراعظم محمد شہباز شریف اور سنگاپور کے وزیراعظم لارنس وونگ نے ایک دوسرے کو تہنیتی خطوط ارسال کیے۔