نئی دہلی( صالح ظافر) بھارت نے کہا ہے کہ وہ ایسے تمام علاقائی واقعات پر گہری نظر رکھے ہوئے ہے جو اس کی قومی سلامتی پر اثرانداز ہوسکتے ہیں اور ضرورت پڑنے پر مناسب اقدامات کرے گا۔بھارتی وزارت خارجہ کے ترجمان رندھیر جیسوال نے جمعہ کو نئی دہلی میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے یہ بات مکہ دفاعی معاہدے کے حوالے سے بنگلہ دیش کے حالیہ مثبت مؤقف سے متعلق سوال کے جواب میں کہی۔رندھیر جیسوال سے بنگلہ دیش کے وزیر خارجہ خلیل الرحمٰن کے ایک روز قبل دیے گئے اس بیان کے بارے میں پوچھا گیا تھا کہ اگر ڈھاکا کو مکہ دفاعی معاہدے میں شمولیت کی دعوت دی گئی تو وہ اس پر مثبت انداز میں غور کرے گا۔بنگلہ دیش کے امور خارجہ کے وزیر مملکت ہمایوں کبیر بھی 24 اگست کو اس اقدام کے بارے میں مثبت رائے کا اظہار کرچکے ہیں۔بھارتی ترجمان نے کہا کہ بھارت ان تمام پیش رفتوں کا مسلسل جائزہ لے رہا ہے جن کا اس کی قومی سلامتی سے تعلق ہے۔بھارت کا یہ ردعمل ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب سعودی عرب، ترکیہ اور پاکستان کے درمیان رواں ماہ طے پانے والے دفاعی معاہدے پر خطے میں خاصی توجہ مرکوز ہے اور بنگلہ دیش کی جانب سے ممکنہ شمولیت کے عندیے نے اس معاملے کی اہمیت مزید بڑھا دی ہے۔بھارتی وزیر خارجہ ایس جے شنکر بھی اس سے قبل کہہ چکے ہیں کہ نئی دہلی ان ممالک سے متعلق پیش رفت کو بھی مدنظر رکھتا ہے جو بھارت کے لیے سازگار رویہ نہیں رکھتے۔