پشاور (خصوصی نامہ نگار) پشاور میڈکل کالج رفاہ انٹرنیشنل یونیورسٹی پشاور کیمپس کے زیر اہتمام ہفتہ سیرت النبی ﷺ کے سلسلے میں طلباء وطالبات کے درمیان قرأت، نعت خوانی، اذان، کوئز اورتقریری مقابلے منعقد ہوئے جن میں پشاور میڈیکل کالج ،پشاور ڈینٹل کالج سمیت دیگر تعلیمی اداروں کے طلبہ نے حصہ لیا۔ مقابلوں کی ایک نمایاں خصوصیت قرأت کے شرکاء کو سٹیج پر پہنچنے کے بعد ہی ان آیات کا بتایا جانا تھا جو انہوں نے تلاوت کرنی تھی جبکہ تقریری مقابلوں میں بھی موضوع سٹیج پر پہنچنے کے بعد ہی دیا جاتا تھا۔ اس کے علاوہ اذان، کوئز اور نعت خوانی کے مقابلوں میں بھی طلباء وطالبات نے بڑھ چڑھ کر حصہ لیا۔ تقریب کے مہمانِ خصوصی اپیلنٹ بینچ کے جج اور اسلامی نظریاتی کونسل کے سابق چیئرمین پروفیسر ڈاکٹر قبلہ ایاز تھے جبکہ صدارت شیخ زید اسلامک سنٹر جامعہ پشاور کے ڈائریکٹرپروفیسر ڈاکٹر رشید احمد نے کی۔ پروفیسر ڈاکٹر قبلہ ایاز نے اپنے خطاب میں کہا کہ آج دنیا کے سامنے سیرت النبی ﷺ کے عملی پہلوئوں کی اہمیت اور ضرورت کو اجاگر کرنے کی اشد ضرورت ہے۔