کوئٹہ (پ ر) جمعیت علماء اسلام پاکستان کی مرکزی جنرل کونسل کے رکن و قبائلی رہنما میر حشمت علی لہڑی نے وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کے اس بیان پر تشویش کا اظہار کیا ہے کہ دہشت گردی کے لیے جائیداد استعمال ہونے پر مالک کو سہولت کار تصور کیا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ بلوچستان کے زمینداروں اور باغبانوں نے بنجر زمینوں کو اپنے خون پسینے سے آباد کیا اور ہزاروں خاندانوں کے روزگار کا ذریعہ بنایا، انہیں سہولت کار کہنا توہین ہے۔ اگر کسی جائیداد کا شرپسند عناصر ناجائز استعمال کریں تو ریاست زمیندار کو تحفظ دے، اسے ملزم نہ بنائے۔میر حشمت لہڑی نے مطالبہ کیا کہ وزیراعلیٰ اپنے بیان پر نظرثانی کریں، زمینداروں کو دہشت گردوں سے تحفظ دیا جائے اور زمیندار ایکشن کمیٹی و قبائلی عمائدین کے ساتھ جرگہ بلایا جائے۔