پشاور (نیوز رپورٹر) اینٹی کرپشن کورٹ خیبرپختونخوا نے کروڑوں مالیت کے سرکاری گندم خرد برد کرنے کے سکینڈل میں گرفتار ملزم عثمان عابد کی ضمانت درخواست خارج کر دی اور اسے جیل میں رکھنے کاحکم دیدیا ہے ۔ کیس پر سماعت اینٹی کرپشن جج آصف رشید نے کی۔ دوران سماعت پراسیکیوشن نے عدالت کو بتایاکہ اضاخیل نوشہرہ کے سرکاری گودام سے 1730میٹرک ٹن گندم غائب ہوئی ہے جس پرتحقیقات کی گئیں اور اس دوران ملزموں کو گرفتار کیا گیا۔انہوں نے بتایاکہ گندم کی خوردبرد سے سرکاری خزانے کو 19 کروڑ 60 لاکھ روپے کا نقصان پہنچایاگیاہے جس میں سرکاری اہلکار بھی ملوث ہیں۔پراسیکیوشن نے مزید بتایاکہ عبوری ضمانت کی درخواست مسترد ہونے پر ملزم عثمان عابد کو احاطہ عدالت سے حراست میں لیا گیا،ملزم طویل عرصے تک ٹرائل سے روپوش رہا۔ انہوں نے بتایاکہ سکینڈل میں نامزد دیگر ملزمان پہلے ہی قانون کے کٹہرے میں آکر سزائیں پا چکے ہیں۔ اینٹی کرپشن جج نے فریقین کے دلائل سننے کے بعد ملزم کےخلاف ٹھوس شواہد کی بنا پر ضمانت کی درخواست مسترد کردی ہے۔