پشاور (خصوصی نامہ نگار) خیبرپختونخوا حکومت کی منشیات کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی اور وزیرایکسائز سید فخر جہان کی جاری ہدایات کے سلسلے میں محکمہ ایکسائز وٹیکسیشن اور نارکوٹکس کنٹرول کی منشیات بالخصوص آئس اور ہیروئن کے خلاف صوبہ بھر میں موثر کارروائیاں جاری ہیں۔ اسی سلسلے میں ایکسائز انٹیلیجنس سکواڈ اور تھانہ ایکسائز چارسدہ نے مشترکہ کارروائی کرتے ہوئے بھاری مقدار میں ہیروئن کی سمگلنگ کی کوشش ناکام بنا دی۔محکمہ ایکسائز کے مطابق ایکسائز انٹیلیجنس سکواڈ اور تھانہ ایکسائز چارسدہ کی ٹیم نے خفیہ اطلاع پر پشتون گڑھی روڈ چارسدہ پر کی گئی کارروائی کے دوران گاڑی نمبر اے ڈبلیو اے 409 کی تلاشی لی گئی، جس سے 23 ہزار 460 گرام (23.46 کلو گرام) ہیروئن برآمد ہوئی۔کارروائی کے دوران ملزم عمر خان ولد گل روز خان، سکنہ خوش مقام، تحصیل ثمر باغ، ضلع دیر پایان کو موقع پر گرفتار کر لیا گیا۔ ملزم کے خلاف مزید قانونی کارروائی کے لیے تھانہ ایکسائز چارسدہ میں مقدمہ درج کر دیا گیا ہے اور مزید تفتیش جاری ہے۔