پشاور(جنگ نیوز)وومن یونیورسٹی مردان کے شعبہ سیاسیات کے سیشن 2023–2027 کے 20 طلبہ نے ڈسٹرکٹ پولیس مردان میں نو ہفتوں پر مشتمل انٹرن شپ کامیابی سے مکمل کرلی۔اس سلسلے میں ڈی پی او آفس مردان میں تقریبِ تقسیمِ اسناد منعقد ہوئی، جس میں کامیاب طلبہ میں انٹرن شپ سرٹیفکیٹس تقسیم کیے گئے۔ انٹرن شپ کے دوران طلبہ کو جنرل پولیسنگ، امن و امان، تفتیش، آپریشنز، سیف سٹی، کمانڈ اینڈ کنٹرول، پولیس اسٹیشنز، پولیس فسیلیٹیشن سینٹر، ڈرائیونگ اسکول، PDRM، DRC اور وکٹم سپورٹ سروسز سمیت مختلف شعبوں میں عملی تربیت اور رہنمائی فراہم کی گئی۔ڈی پی او مردان مسٹر مسعود احمد نے اس اقدام کو سراہتے ہوئے عملی تعلیم اور ادارہ جاتی تعاون کی اہمیت پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ ایسی انٹرن شپ اور دیگر اسی نوعیت کے عملی و تعلیمی مواقع مستقبل میں بھی وومن یونیورسٹی مردان کے طلبہ کو ڈسٹرکٹ پولیس مردان کے تعاون سے فراہم کیے جاتے رہیں گے۔وومن یونیورسٹی مردان کی وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر رضیہ سلطانہ نے بطور مہمانِ خصوصی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈسٹرکٹ پولیس مردان کا طلبہ کو عملی تربیت فراہم کرنے پر شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ جنرل پولیسنگ سے متعلق عملی تجربہ طلبہ کے علمی و پیشہ ورانہ تجربے میں اضافہ کرے گا۔ وائس چانسلر نے بالخصوص ایس پی انویسٹی گیشن مس ماریا مصطفیٰ اور مسٹر فہیم، پی آر او ڈسٹرکٹ پولیس مردان کی کاوشوں کو سراہا اور انٹرن شپ پروگرام کے انعقاد، طلبہ کی رہنمائی و معاونت اور مختلف پولیس شعبوں کے ساتھ ان کے مؤثر رابطے کو یقینی بنانے میں ان کے کردار کو قابلِ تحسین قرار دیا۔