پشاور (کرائم رپورٹر )پشاور کے تھانہ متنی پر نامعلوم دہشت گردوں نے ڈرون کے ذریعے حملہ کردیا تاہم تھانے کے گرد حفاظتی حصار اور جال نصب ہونے کیوجہ سے بارودی مواد تھانے کے باہر گرنے سے کسی قسم کا جانی نقصان نہیں ہوا، پشاور میں گزشتہ چند روز کے دوران پولیس پر ڈرون کے ذریعے یہ دوسرا حملہ ہے ۔سی ٹی ڈی ودیگر پولیس ٹیموںنے واقعہ کی تحقیقات شروع کردی ہے ۔ پولیس حکام کے مطابق گزشتہ ورز نامعلوم دہشت گردوں نے تھانہ متنی پر ڈرون کے ذریعے بارودی مواد سے حملہ کیا تاہم دہشت گردوں کی یہ کوشش ناکام بنادی گئی ہے ۔تھانے کے گرد حفاظتی جالی کا حصار نصب ہونے کے باعث شرپسندوں کی جانب سے ڈرون کے ذریعے پھینکا جانے والا بارودی مواد تھانے کے باہر گراجس کے باعث واقعہ میں کوئی جانی یا مالی نقصان نہیں ہوا۔ واقعہ کے بعد پولیس کی ٹیموں نے علاقے میں سرچ آپریشن بھی شروع کر دیا۔واضح رہے کہ چند رو ز قبل تھانہ چمکنی کی ترناب فارم چوکی پر ڈرون سے حملہ کیا گیا جس میں 2پولیس اہلکار سمیت 7افراد زخمی ہوگئے تھے۔سی سی پی او ڈاکٹر میاں سعید احمد کے مطابق پولیس نے ڈرون سے بارودی مواد پھینکے جانے کی سی سی ٹی وی فوٹیج حاصل کر لی اورنواحی علاقوں کے تمام تھانوں اورچوکیات کے اوپر جال نصب کرنے سمیت دیگر حفاظتی اقدامات اٹھائے جارہے ہیں۔