• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کمشنر ملتان کا برینڈ روڈ اپ گریڈیشن منصوبے کا دورہ ،جاری کاموں کا جائزہ

ملتان(سٹاف رپورٹر)کمشنر عامر کریم خاں نے وزیراعلیٰ پنجاب کے بیوٹیفکیشن پروگرام کے تحت جاری برینڈ روڈ اپ گریڈیشن منصوبے کا دورہ کیا اور ڈرینج، الیکٹرک انفراسٹرکچر، لائٹنگ، گرین پیچز، فٹ پاتھ اور ٹف پیور کے کاموں کا جائزہ لیا۔کمشنر عامر کریم خاں نے منصوبے کی رفتار مزید تیز کرنے، معیار یقینی بنانے اور تمام کام مقررہ مدت میں مکمل کرنے کی ہدایت کی۔ انہوں نے کہا کہ منصوبے میں پہلی بار زیر زمین بجلی کی تنصیب کی جا رہی ہے، یوٹیلیٹی سروسز کے کام بروقت مکمل کیے جائیں تاکہ نئی تعمیر شدہ شاہراہ کو دوبارہ نقصان نہ پہنچے۔کمشنر نے پارکنگ ایریا کا بھی جائزہ لیا اور شاہراہ و دیگر انفراسٹرکچر کو گاڑیوں سے محفوظ رکھنے کیلئے حفاظتی اقدامات یقینی بنانے کی ہدایت کی۔ انہوں نے تمام متعلقہ اداروں کو مربوط انداز میں کام کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ منصوبے کے معیار پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔ڈی جی ایم ڈی اے راشد ارشاد نے منصوبے پر پیش رفت کے حوالے سے بریفنگ دی۔ بتایا گیا کہ منصوبے کی مجموعی لاگت 36 کروڑ روپے، فزیکل پیش رفت 79 فیصد جبکہ تکمیل کی مقررہ تاریخ 30اکتوبر 2026 ہے۔بریفنگ کے مطابق 3700 رننگ فٹ ڈرین میں سے 3392 رننگ فٹ اور 2200 رننگ فٹ واسا لائن و کنکشنز مکمل ہوچکے ہیں۔ سیٹ بیک ایریا میں ٹف پیور کا 95 فیصد، ڈرین ایریا میں 75 فیصد کام مکمل جبکہ پارکنگ ایریا میں 12 فیصد کام مکمل ہوچکا ہے۔برینڈ روڈ پر 18 گرین اسٹرپس میں سے 16 کی برک ورک، 42 میں سے 38 الیکٹرک پولز کی تنصیب مکمل ہوچکی ہے، جبکہ 40 پلانٹرز تیار اور 20 میں سے 17 کینوپیز کے پولز نصب کردیئے گئے ہیں۔ 40بینچز بھی تیار ہیں۔ منصوبے میں 14 نئے ٹرانسفارمرز کی تنصیب کیلئے بنیادیں مکمل ہیں جبکہ 86 بجلی کے کھمبے، 15 ٹیلی فون پولز اور 60 ٹرانسفارمرز ہٹائے جائیں گے۔
ملتان سے مزید