ملتان (سٹاف رپورٹر) ضلع پولیس میں آپریشنز اور انویسٹی گیشن ونگز کی علیحدگی کا عمل مکمل کرلیا گیا،حکام کے مطابق نئے نظام کے تحت افسران و اہلکاروں کی تعیناتی ان کی تفتیشی، مقدمات کی پیروی، پراسیکیوشن اور فیلڈ ڈیوٹی کی صلاحیتوں کو مدنظر رکھتے ہوئے کی گئی ہے، آئی جی پنجاب پولیس کے 2023ء کے ڈرافٹ سرکلر، متعلقہ پولیس رولز، ترامیم اور عدالتی ہدایات کو علیحدگی کی بنیاد بنایا گیا ہے،واضح رہے کہ سٹی ڈسٹرکٹ ملتان پولیس کی مجموعی نفری 4733 ہے، جس میں آپریشنز ونگ کی نفری 2289 اہلکار 48.36 فیصد ہے، انویسٹی گیشن ونگ میں 807 اہلکار یعنی 17.05 فیصد، پولیس لائنز میں 763 اہلکار یعنی 16.12 فیصد، سکیورٹی و متفرق امور میں 752 اہلکار یعنی 15.89 فیصد جبکہ سی پی او آفس میں 122 اہلکار یعنی 2.58 فیصد تعینات ہیں،پولیس ذرائع کے مطابق مجموعی نفری میں ایک ڈی آئی جی، 2 ایس ایس پیز، 3 ایس پیز، 13 ڈی ایس پیز و اے ایس پیز، 2 ڈی ایس پیز لیگل، 46 انسپکٹرز، 327 سب انسپکٹرز، 410 اسسٹنٹ سب انسپکٹرز، 493 ہیڈ کانسٹیبلز اور 3436 کانسٹیبلز شامل ہیں،انویسٹی گیشن ونگ میں 128 سب انسپکٹرز کو اہم تفتیشی نفری قرار دیا گیا ہے، جبکہ اس ونگ میں 121 اسسٹنٹ سب انسپکٹرز، 63 ہیڈ کانسٹیبلز اور 487 کانسٹیبلز بھی شامل ہیں۔ آپریشنز ونگ میں 3 ایس پیز، 11 ڈی ایس پیز و اے ایس پیز، 20 انسپکٹرز، 85 سب انسپکٹرز، 184 اسسٹنٹ سب انسپکٹرز، 190 ہیڈ کانسٹیبلز اور 1795 کانسٹیبلز تعینات ہیں۔