ملتان(سٹاف رپورٹر)معاون خصوصی وزیر اعلیٰ پنجاب برائے فوڈ سیفٹی اینڈ کنزیومر پروٹیکشن سلمیٰ بٹ نے ملتان کا دورہ کیا اور ڈپٹی کمشنر آفس میں پرائس کنٹرول مہم کے حوالے سے اجلاس کی صدارت کی۔ ڈپٹی کمشنر ملتان ڈاکٹر فیصل سلیم نے اجلاس میں پرائس کنٹرول اور کنزیومر پروٹیکشن مہم کے حوالے سے بریفنگ دی۔ سلمیٰ بٹ نے ہدایت کی کہ دودھ، گوشت سمیت تمام اشیاءخوردونوش کی کوالٹی یقینی بنانے کیلئے موثر اقدامات کئے جائیں،ملاوٹ مافیا کے خلاف بھرپور کارروائی کی جائے، کولڈ سٹوریجز کا مکمل ڈیٹا مرتب کرکے ذخیرہ اندوزی کی روک تھام یقینی بنائی جائے اور غلہ و سبزی منڈیوں میں طلب و رسد کا مکمل ریکارڈ رکھا جائے۔ سلمیٰ بٹ نے کہا کہ چند اشیاءکی قیمتیں کم کرنے کیلئے کام جاری ہے اور جلد ان کے ریٹس بھی مقرر کر دیے جائینگے۔ انہوں نے بتایا کہ ملتان میں تقریباً 40 ہزار کاروبار رجسٹرڈ ہیں، ان تمام کاروباروں میں فوڈ سیفٹی اور کنزیومر پروٹیکشن قوانین پر سختی سے عملدرآمد کرایا جائے گا۔