ملتان (سٹاف رپورٹر)جماعت اہلسنت صوبہ پنجاب کے زیراہتمام میلاد کانفرنس مرکزاہلسنت جامعہ شیخ الاسلام متصل جامع مسجد نواب میں ہوئی، صدارت جماعت اہلسنت صوبہ پنجاب کے امیر پیر سید خلیل الرحمٰن شاہ بخاری نے کی جبکہ صوبائی ناظم اعلیٰ علامہ فاروق خان سعیدی مہمان خصوصی تھے‘ میلاد کانفرنس سے امیر صوبہ پنجاب پیر سید خلیل الرحمٰن شاہ بخاری اور ناظم اعلیٰ علامہ حافظ محمد فاروق خان سعیدی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ میلادِ مصطفیٰ ﷺ کا انعقاد فقط ایک تقریب نہیں بلکہ یہ ایمان کی اساس، روحِ شریعت اور عشقِ رسول ﷺ کا سب سے بڑا مظہر ہے،انہوں نے کہا کہ آج امتِ مسلمہ بالخصوص ہمارا وطن عزیز جس فکری تذبذب، غلو، انتشار اور اخلاقی بحران کی لپیٹ میں ہے، اس کا واحد علاج اسوۂ حسنہ پر کامل عمل پیرا ہونا ہے، انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ اسلام سراپا امن، رواداری، محبت اور اعتدال کا علم بردار دین ہے اور موجودہ گھمبیر حالات میں معاشرے کو پرتشدد رجحانات سے بچانے کیلئے عشقِ مصطفیٰ ﷺ کے اس سچے اور پرامن بیانیے کو عام کرنا ہوگا، میلاد کانفرنس سے صوبائی نائب ناظم اعلیٰ صاحبزادہ علامہ محمد قاسم سیالوی،صوبائی ناظم اطلاعات صاحبزادہ ذیشان کلیم معصومی اور میاں الیاس تنویر نے بھی خطاب کیا۔