پشاور(جنگ نیوز) وزیراعلی خیبرپختونخوا کے معاون خصوصی برائے سیاحت و ثقافت، آثار قدیمہ و عجائب گھر ملک عدیل اقبال کی زیر صدارت کلچر اینڈ ٹورازم اتھارٹی کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کا چھٹا اجلاس منعقد ہوا، جس میں صوبے میں سیاحت کے فروغ اور کلچر اینڈ ٹورازم اتھارٹی کی کارکردگی و امور میں بہتری کے لیے اہم فیصلے کیے گئے۔اجلاس میں رکن صوبائی اسمبلی و پارلیمانی سیکرٹری برائے سیاحت و ثقافت فتح الملک علی ناصر، سیکرٹری محکمہ سیاحت و ثقافت سعادت حسن، ڈائریکٹر جنرل کلچر اینڈ ٹورازم اتھارٹی شاہد خان سمیت بورڈ کے دیگر اراکین نے شرکت کی۔اجلاس میں بورڈ آف ڈائریکٹرز کے پانچویں اجلاس میں کیے گئے فیصلوں پر عملدرآمد کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ اس موقع پر کلچر اینڈ ٹورازم اتھارٹی کے مالی سال 2026-27 کا بجٹ پیش کیا گیا، جس پر تفصیلی غور و خوض کے بعد بجٹ کی منظوری دے دی گئی۔ بورڈ اجلاس میں ٹورازم پولیس کی تنخواہوں میں اضافے کا بھی فیصلہ کیا گیا۔ معاون خصوصی ملک عدیل اقبال نے اتھارٹی کو اخراجات میں کمی لانے اور دستیاب وسائل کے مؤثر و بہترین استعمال کو یقینی بنانے کی ہدایت کی۔ صوبے میں پیرا گلائڈنگ کی سرگرمیاں شروع کرنے کی بھی ہدایت کی گئی، جبکہ لیز پر دی گئی سرکاری پراپرٹیز کے معاہدوں میں سالانہ لیز میں اضافے کی شق شامل کرنے کی ہدایت کی گئی۔بورڈ نے کیمپنگ پوڈز اور ریسٹ ہاؤسز کی آؤٹ سورسنگ کی منظوری بھی دی، جس کے لیے معاملہ ٹیکنیکل کمیٹی کے سپرد کردیا گیا۔ معاون خصوصی ملک عدیل اقبال نے ہدایت کی کہ سرکاری املاک کے بہتر استعمال کو یقینی بنایا جائے اور اس حوالے سے متعلقہ رولز میں مزید بہتری لائی جائے۔