• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

داؤد انجینئرنگ یونیورسٹی اور پاکستان میری ٹائم سائنس و ٹیکنالوجی پارک میں مفاہمتی یادداشت پر دستخط

کراچی(اسٹاف رپورٹر) داؤد یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی نے پاکستان میری ٹائم سائنس اینڈ ٹیکنالوجی پارک کے ساتھ مفاہمتی یادداشت پر دستخط کیے ہیں جس کا مقصد جامعات اور صنعت کے درمیان روابط کو مضبوط بنانا، تحقیق و جدت کو فروغ دینا اور پاکستان کے میری ٹائم ٹیکنالوجی ایکو سسٹم کی معاونت کرنا ہے۔ داؤد یونیورسٹی کے سینیٹ ہال میں منعقدہ تقریب میں مفاہمتی یادداشت پروائس چانسلر داؤد یونیورسٹی انجینئر پروفیسر ڈاکٹر ثمرین حسین (ستارہ امتیاز، تمغہ امتیاز) اور پاکستان میری ٹائم سائنس اینڈ ٹیکنالوجی پارک کے ڈپٹی چیف آف نیول اسٹاف کموڈور اشفاق اختر (ستارہ امتیاز ملٹری) نے دستخط کیے۔ مفاہمتی یادداشت کے تحت دونوں ادارے تحقیق و جدت، ٹیکنالوجی کمرشلائزیشن، طلبہ و فیکلٹی کی شمولیت، انٹرن شپ، صنعتی روابط اور استعدادِ کار میں اضافے کے شعبوں میں تعاون کریں گے۔ شراکت داری کے تحت مشترکہ منصوبوں اور پاکستان کے میری ٹائم شعبے اور بلیو اکانومی کے لیے جدید اور مؤثر حل کی تیاری میں بھی معاونت حاصل ہوگی۔تقریب کے دوران داؤد یونیورسٹی کے فیکلٹی ممبران نے انڈر واٹر وائرلیس سینسر نیٹ ورکس، مصنوعی ذہانت، خودکار نظام، پائیدار مواد، قابلِ تجدید توانائی اور ویسٹ ٹو ریسورس ٹیکنالوجیز کے شعبوں میں جاری تحقیقی منصوبوں پر پریزنٹیشنز دیں۔ ان پریزنٹیشنز میں یونیورسٹی کی تحقیقی صلاحیتوں اور پی ایم ایس ٹی پی کے ساتھ ممکنہ تعاون کے مختلف شعبوں کو اجاگر کیا گیا۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کموڈور اشفاق اختر نے داؤد یونیورسٹی کے تحقیقی اقدامات کو سراہا اور جامعات اور قومی ٹیکنالوجی پلیٹ فارمز کے درمیان مزید مضبوط تعاون کی اہمیت پر زور دیا۔

ملک بھر سے سے مزید