• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

مصطفیٰ کمال کے دور میں شادی ہال اور نالوں پر دکانیں بنائی گئیں، میئر کراچی

کراچی (اسٹاف رپورٹر ) میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے کہا ہے کہ لیگی رہنماؤں کو اپنے گھر سے باہر ہر چیز سمجھ آتی ہے، پنجاب میں بارش ہو تو قدرتی آفت قرار دیا جاتا ہے، سندھ میں بارش کو حکومتی نااہلی کہا جاتا ہے! یہ دہرا معیار ختم ہونا چاہئے،مصطفیٰ کمال کے دور میںشادی ہال اور نالوں پر دکانیں بنائی گئیں،ایم کیو ایم کے رہنما سندھ اسمبلی میں نئے صوبوں کی بات سے پیچھے ہٹ کر اب ایڈمنسٹریٹو یونٹس کی بات کر رہے ہیں، سابق سٹی ناظم کراچی مصطفی ٰکمال کو چاہئے کہ حقائق اور دستاویزات کی بنیاد پر بات کریں، میں ان احترام کرتا ہوں، کیوں کہ وہ شہر کے ناظم رہے ہیں، سٹی ڈسٹرکٹ گورنمنٹ کراچی کی بجٹ بک میں3 سو ارب روپے کا بجٹ نہیں ہے! اگر 3سو ارب روپے خرچ کئے گئے تو اس کی دستاویزات سامنے لائی جائیں اور بتایا جائے کہ یہ بجٹ کہاں منظور ہوا اور کہاں خرچ کیا گیا؟ آدھے کام جماعت اسلامی والے اپنے کھاتے میں ڈالتے ہیں اور آدھے کام یہ لوگ اپنے نام سے منسوب کرتے ہیں، تاریخی ایمپریس مارکیٹ سے تجاوزات ختم کرکے یہ تاریخی ورثہ بحال کیا گیا، بلدیہ عظمیٰ کراچی نے شہر کے ترقیاتی کاموں کے ساتھ ساتھ تاریخی عمارتوں اور ورثے کی بحالی پر بھی توجہ دی ہے، ایمپریس مارکیٹ کو کلچرل سینٹر اور پبلک اسپیس کے طور پر استعمال کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے، شہری یہاں آئیں، کتابیں خریدیں اور مقامی پبلشرز کی حوصلہ افزائی کریں، ثقافت کے فروغ کے لئے مختلف پروگرام جاری رہیں گے۔ وہ ہفتے کو یہاں ایمپریس مارکیٹ میں ”کتابوں کا جہاں“کے عنوان سے منعقدہ کتب میلے کا افتتاح اور ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے گفتگو کررہے تھے۔ اس موقع پر سٹی کونسل میں پاکستان پیپلزپارٹی کے پارلیمانی لیڈر کرم اللہ وقاصی، اراکین سٹی کونسل،منتخب نمائندے اور دیگر متعلقہ افسربھی موجود تھے۔

شہر قائد/ شہر کی آواز سے مزید