ملتان(سٹاف رپورٹر) فاؤنڈر گروپ کے رہنماؤں خواجہ محمد یوسف، میاں راشد اقبال، خواجہ محمد حسین، محمد اظہر بلوچ، شیخ عاصم سعید اور خواجہ محمد عثمان نے کہا ہے کہ فاؤنڈر گروپ نے 1958ء سے صنعت و تجارت کی خدمت کا سفر جاری رکھا ہوا ہے اور مختلف ادوار میں ملتان کی کاروباری برادری کے مسائل کو حکومتی ایوانوں تک پہنچانے، صنعتی و تجارتی سرگرمیوں کے فروغ، برآمدات میں اضافے اور کاروباری ماحول کی بہتری کے لیے مؤثر کردار ادا کیا ہے،خواجہ محمد یوسف نے کہا کہ چیمبر کے قیام کے لیے اراضی کی خریداری سے لے کر اس کی منفرد عمارت کی تعمیر تک فاؤنڈر گروپ نے اپنے وسائل سے کردار ادا کیا اور چیمبر کو اپنی مدد آپ کے تحت مکمل کیا،میاں راشد اقبال نے کہا کہ فاؤنڈر گروپ نے ہمیشہ کاروباری برادری کو درپیش بنیادی مسائل کو ترجیح دی ہے،خواجہ محمد حسین اور محمد اظہر بلوچ نے کہا کہ ملتان اور جنوبی پنجاب کی معاشی ترقی کے لیے بہتر اانفراسٹرکچر بنیادی ضرورت ہے،شیخ عاصم سعید نے کہا کہ پاکستان کیمعیشت کے استحکام کے لیے برآمدات میں اضافہ ناگزیر ہے،خواجہ محمد عثمان نے کہا کہ چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کو صرف کاروباری برادری کے مسائل حکومت تک پہنچانے تک محدود نہیں رہنا چاہیے بلکہ اسے صنعتی و تجارتی ترقی، سرمایہ کاری کے فروغ اور نئی منڈیوں تک رسائی کے لیے بھی فعال کردار ادا کرنا چاہیے، فاؤنڈر گروپ کے رہنماؤں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ صنعتکاروں اور تاجروں کے مسائل کے حل، برآمدات کے فروغ، صنعتی ترقی، سرمایہ کاری میں اضافے اور ملتان کو خطے کا مضبوط تجارتی مرکز بنانے کے لیے اجتماعی جدوجہد کا سلسلہ جاری رکھا جائے گا۔