• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

گیارہویں کےنتائج، بہاولپور53.46،ملتان 65.15،ڈیرہ66.06فیصد امیدوارکامیاب

ملتان ،ڈیرہ غازی خان ،بہاولپور(سٹاف رپورٹر ،نامہ نگار ،نمائندہ جنگ،سٹی رپورٹر) گیارہویں کےنتائج کا اعلان ،بہاولپور 53.46، ملتان 65.15،ڈیرہ 66.06فیصد امیدوار کامیاب بورڈ آف انٹرمیڈیٹ اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن بہاولپور نے انٹرمیڈیٹ پارٹ فرسٹ سالانہ امتحان 2026ء کے نتائج کا اعلان کردیا۔کامیابی کا تناسب 53.46فیصد رہا۔ کنٹرولر امتحانات ایجوکیشن بورڈ سید وحید الزماں ہمدانی کی جانب سے جاری کردہ رزلٹ گزٹ کے مطابق کل 50888 امیدواروں نے امتحان میں حصہ لیا جن میں سے 1230 امیدوار غیر حاضر رہے۔ کل 49658 امیدواروں نے امتحان دیا جن میں سے 47217 ریگولر امیدوار جبکہ 2441پرائیویٹ امیدوار شامل تھے۔ ریگولر امیدواروں میں سے 25654 امیدوار پاس ہوئے جبکہ پرائیویٹ 894 امیدوار کامیاب ہوئے، اس طرح کل 26548 امیدوار پاس ہوئے۔ ریگولر امیدواروں کی کامیابی کا تناسب 54.33فیصد جبکہ 36.62فیصد پرائیویٹ امیدوار پاس ہوئے اس طرح مجموعی طور پر کامیابی کا تناسب 53.46 فیصد رہا،بورڈ آف انٹرمیڈیٹ اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن ملتان نے انٹرمیڈیٹ پارٹ فرسٹ (گیارہویں جماعت) سالانہ امتحان 2026 کے نتائج کا باضابطہ اعلان کر دیا ہے کنٹرولر امتحانات ڈاکٹر عمران احمد کے مطابق اس سال امتحانات میں کل 69,854 امیدواروں نے داخلہ فارم جمع کروائے جن میں سے 68,375 امیدوار عملی طور پر امتحانات میں شریک ہوئے۔ مجموعی طور پر 44,547 امیدوار کامیاب قرار پائے، جس کے ساتھ ہی کامیابی کا تناسب 65.15 فیصد رہا۔ گزشتہ برسوں کے مقابلے میں اس سال نتائج نمایاں طور پر بہتر رہے ہیں کیونکہ سال 2024 میں کامیابی کا تناسب 55.06 فیصد اور 2025 میں 57.46 فیصد ریکارڈ کیا گیا تھا۔گروپ وائز ہوم اکنامکس گروپ 92.00 فیصد کامیابی کے ساتھ سرفہرست رہا، جبکہ پری میڈیکل گروپ میں کامیابی کا تناسب 78.25 فیصد، پری انجینئرنگ میں 76.45 فیصد، کامرس میں 65.56 فیصد، جنرل سائنس میں 65.16 فیصد اور ہیومینیٹیز (آرٹس) گروپ میں 53.34 فیصد رہا۔ ہمیشہ کی طرح اس بار بھی امتحانات میں طالبات نے طلباء پر واضح برتری حاصل کی ہے؛ طالبات کی کامیابی کی شرح 72.97 فیصد رہی جبکہ طلباء کا پاس فیصد 54.13 فیصد ریکارڈ کیا گیا۔ ضلع وار کارکردگی کے اعتبار سے لودھراں 69.30 فیصد کامیابی کے ساتھ پہلے، ملتان 66.75 فیصد کے ساتھ دوسرے، خانیوال 63.28 فیصد کے ساتھ تیسرے اور وہاڑی 62.11 فیصد کے ساتھ چوتھے نمبر پر رہے۔ بورڈ آف انٹرمیڈیٹ اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن ڈیرہ غازی خان کے چیئرمین پروفیسر ڈاکٹر عبدالرؤف نے انٹرمیڈیٹ (پارٹ ون) پہلے سالانہ امتحان 2026ء کے نتائج کا باضابطہ اعلان کر دیا ہے۔کامیابی کا مجموعی تناسب 66.06 فیصد رہا-امتحان میں کل 51,210 امیدوار شامل ہوئے، جن میں سے 33,830 امیدواروں نے کامیابی حاصل کی۔ اس بار بھی طالبات نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے طلبہ پر برتری حاصل کی ہے۔ طالبات کی کامیابی کا تناسب 76.61 فیصد رہا، جبکہ طلبہ کی کامیابی کا تناسب 54.67 فیصد درج کیا گیا۔ مختلف گروپس کے لحاظ سے بھی طالبات آگے رہیں؛ پری انجینئرنگ میں طالبات کی کامیابی کا تناسب 85.79 فیصد ،، جنرل سائنس میں 75.34 فیصد رہا۔ کوٹ ادو 71.56 فیصد کامیابی کے ساتھ سرِفہرست رہا۔ اس کے علاوہ لیہ نے 67.14 فیصد، مظفر گڑھ نے 66.28 فیصد، تونسہ شریف نے 64.82 فیصد، ڈیرہ غازی خان نے 64.76 فیصد اور راجن پور نے 59.47 فیصد کامیابی حاصل کی ہے۔
ملتان سے مزید