کوئٹہ(اسٹاف رپورٹر)مشیر بلدیات و دیہی ترقی نوابزادہ امیر حمزہ خان زہری نے یومِ دفاعِ پاکستان کے موقع پر ایک پیغام میں وطن کے دفاع کے لیے جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے شہداء کو خراجِ عقیدت اور غازیوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ 6 ستمبر پاکستان کی تاریخ کا اہم دن ہے جب پوری قوم نے اپنی مسلح افواج کے شانہ بشانہ وطن کے دفاع کے عزم کا عملی مظاہرہ کیا ۔ یومِ دفاع ہمیں اپنے شہداء کی لازوال قربانیوں اور قومی یکجہتی کی یاد دلاتا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی مسلح افواج نے ملکی سلامتی اور دفاع کے لیے ہمیشہ بے مثال قربانیاں دی ہیں ، قوم اپنے بہادر جوانوں کی قربانیوں کو کبھی فراموش نہیں کرے گی ۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ پاکستان کی سلامتی، خودمختاری اور استحکام کے لیے پوری قوم متحد ہے اور ملک کے دفاع کے لیے دی جانے والی قربانیاں ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی۔