پشاور(سٹاف رپورٹر)خیبرپختونخوا حکومت کی جانب سے صوبہ کے فلور ملوں کو یومیہ 3 ہزار میٹرک ٹن سرکاری گندم کی فراہمی جاری ہے ،شہریوں کو 20 کلو سرکاری آٹے کا تھیلا 2 ہزار 520 روپے میں منتخب ڈیلرز کے ذریعے فراہم کیا جا رہا ہے۔خیبرپختونخوا فوڈ اتھارٹی اور محکمہ خوراک کی ٹیمیں گندم اور آٹے کے معیار کی باقاعدگی سے نگرانی کر رہی ہیں۔محکمہ خوراک خیبرپختونخوا نے گزشتہ ہفتے صوبہ بھر میں سرکاری نرخ پر آٹے کی فراہمی کے اعداد و شمار جاری کردیئے ہیں۔ محکمہ خوراک کے مطابق صوبہ بھر میں 1653 فعال آٹا ڈیلرز کے ذریعے مجموعی طور پر 4 لاکھ 78 ہزار 57 آٹے کے تھیلے سرکاری نرخ پر فراہم کیے گئے۔پشاور ڈویژن میں 1 لاکھ 42 ہزار 326، مردان ڈویژن میں 61 ہزار 47 جبکہ ملاکنڈ ڈویژن میں 87 ہزار 30 آٹے کے تھیلے فراہم کیے گئے، اسی طرح ہزارہ ڈویژن میں 83 ہزار 846، ڈی آئی خان ڈویژن میں 80 ہزار 539 جبکہ کوہاٹ ڈویژن میں 18 ہزار 629 آٹے کے تھیلے شہریوں کو فراہم کیے گئے۔محکمہ خوراک حکام کا کہنا تھا کہ خیبرپختونخوا حکومت کے صوبائی اسٹریٹجک ریزرو سے فلور ملز کو روزانہ 3 ہزار میٹرک ٹن سرکاری گندم کی ریلیز جاری ہے جبکہ ایس او پیز کی خلاف ورزی پر فلور ملز کے خلاف جرمانے بھی عائد کیے گئے ،حکومت خیبرپختونخوا کی جانب سے شہریوں کو 20 کلوگرام سرکاری آٹے کا تھیلا 2 ہزار 520 روپے میں منتخب ڈیلرز کے ذریعے فراہم کیا جا رہا ہے۔خیبرپختونخوا فوڈ اتھارٹی اور محکمہ خوراک کی ٹیمیں گندم اور آٹے کے معیار کی باقاعدگی سے نگرانی کر رہی ہیں۔