کوئٹہ (اسٹاف رپورٹر) جمعیت علماء اسلام ضلع کوئٹہ کے امیر مولانا عبدالرحمٰن رفیق، عالمی مجلس تحفظ ختم نبوت کے صوبائی امیر مولانا مفتی محمد احمد، ضلعی نائب امیر مولانا محمد ایوب، مفتی عطاء الرحمٰن اور مولوی نقیب اللہ نے جمعیت علماء اسلام حلقہ 20 شالدرہ یونٹ کے زیرانتظام منعقدہ ختم نبوت کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ عقیدہ ختم نبوت مسلمانوں کے ایمان کا بنیادی اور اساسی جزو ہے، جس کے تحفظ کے لئے امت مسلمہ نے ہمیشہ قربانیاں دی ہیں اور آئندہ بھی کسی قربانی سے دریغ نہیں کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں قادیانی لابی کی جانب سے آئین و قانون کی خلاف ورزی اور عقیدہ ختم نبوت کے حوالے سے عوام کو گمراہ کرنے کی ہر کوشش کو آئینی و قانونی دائرے میں رہتے ہوئے ناکام بنایا جائے گا، تحفظ ختم نبوت کے لئے جانوں کے نذرانے پیش کرنے سے بھی دریغ نہیں کیا جائے گا۔ مقررین نے کہا کہ مفکرِ اسلام مولانا مفتی محمود کی علمی، دینی اور سیاسی بصیرت نے پاکستان میں عقیدہ ختم نبوت کے تحفظ کی جدوجہد کو مضبوط بنیاد فراہم کی اور قادیانیوں کو غیرمسلم اقلیت قرار دینے کے تاریخی آئینی فیصلے میں ان کی سیاسی و پارلیمانی جدوجہد کا نمایاں کردار تھا۔ انہوں نے کہا کہ مولانا مفتی محمود نے اصولوں پر کبھی سمجھوتہ نہیں کیا اور ختمِ نبوت کے تحفظ کو اپنی دینی و سیاسی جدوجہد کا اہم مقصد بنایا، ان کی خدمات تاریخ میں ہمیشہ سنہری حروف سے یاد رکھی جائیں گی۔