کوئٹہ(اسٹاف رپورٹر)تحریک نفاذ فقہ جعفریہ بلوچستان کے ترجمان طارق احمد جعفری نے کہا ہے کہ 6 ستمبر پاکستان کی تاریخ کا وہ اہم دن ہے جب ہماری دلیر اور بہادر مسلح افواج نے دشمن بھارت کی جارحیت کے خلاف اپنے وطن کا کامیابی سے دفاع کیا ، 1965 میں ہماری افواج نے غیرمعمولی بہادری کا مظاہرہ کرتے ہوئے دشمن کے ناپاک عزائم کو خاک میں ملایا اور ملک و قوم کے دفاع کیلئے ایک ناقابل تسخیر دیوار بن گئی اور ثابت کردیا کہ اتحاد، اتفاق اور ایمان اسلحہ یا عدد سے زیادہ طاقتور ہیں ہم اپنے عظیم شہداء کی قربانیوں کو ہمیشہ یاد رکھیں گے یہ بات انہوں نے اتوار کو ہزارہ ٹاؤن میں تحریک نفاذ فقہ جعفریہ بلوچستان کے زیراہتمام یوم دفاع کے موقع پر نکالی گئی ریلی کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کہیانہوں نے کہا کہ6 ستمبر پاکستان کی تاریخ کا روشن اور ناقابلِ فراموش باب ہے جب پاک افواج اور پاکستانی قوم نے دشمن کے ناپاک عزائم کو ناکام بنا کر عزم، بہادری اور قومی یکجہتی کی بے مثال تاریخ رقم کی۔ شہدائے وطن کی عظیم قربانیاں ہمارے لیے مشعلِ راہ ہیں پاکستان کی سلامتی، خودمختاری اور دفاع کے لیے پوری قوم متحد ہے اورقومی اتحاد، نظم و ضبط، محنت اور جذب حب الوطنی کے ذریعے پاکستان کو مزید مضبوط اور خوشحال بنائیں گے۔