کوئٹہ(اسٹاف رپورٹر)پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما پارلیمانی سیکرٹری اقلیتی امور سنجے کمار کی قیادت میں یوم دفاع کی مناسبت سے ائیرپورٹ روڈ سے ریلی نکالی گئی جو مختلف شاہراہوں سے ہوتی ہوئی بی اے مال پہنچی ،اس موقع پر ریلی کے شرکاء نے بینرز اور جھنڈے اٹھا رکھے تھے ۔ ریلی کے شرکاء سے پارلیمانی سیکرٹری اقلیتی امور سنجے کمار ، سینیٹر دنیش کمار ، حنا گلزار اور دیگر نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ6 ستمبر 1965 پاکستان کی تاریخ کا عظیم اور یادگار دن ہے جب پوری پاکستانی قوم نے اپنی بہادر مسلح افواج کے شانہ بشانہ دشمن کے ناپاک عزائم کو خاک میں ملایا،پاکستان کی افواج نے جرات اور بہادری کی لازوال مثال قائم کرتے ہوئے وطنِ عزیز کے دفاع کو یقینی بنایا ۔ انہوں نے پاک فوج کے شہدا کی عظیم قربانیوں کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ شہداء کا لہو اور غازیوں کی بہادری قوم کے لیے ہمیشہ مشعلِ راہ رہے گی ۔ انہوں نے کہا کہ 6 ستمبر صرف ایک دن نہیں بلکہ یہ ہمیں اس عزم ، قربانی، اتحاد اور بے مثال قومی جذبے کی یاد دلاتا ہے جس نے 1965 میں پاکستان کی سرحدوں کو ناقابلِ تسخیر بنایا یہ وہ دن ہے جب پاکستانی قوم نے ثابت کیا کہ وطن کی حفاظت صرف سرحد پر موجود جوانوں کی ذمہ داری نہیں بلکہ ہر شہری کے ایمان، کردار اور فرض شناسی کا تقاضا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ 6 ستمبر 1965 کی جنگ میں ہماری مسلح افواج کے جوانوں نے جس شجاعت اور ثابت قدمی کا مظاہرہ کیا وہ ہماری قومی تاریخ کا روشن باب ہے۔