تہران، ریاض (اے ایف پی /نیوزڈیسک، شاہد نعیم )سعودی عرب کے شہروں ابہا‘ خمیس مشیط‘ جازان اور نجران میں شہری اور توانائی مراکز پر حوثی جنگجوؤں کے میزائل حملے‘ خواتین اور بچوں سمیت 73 شہری زخمی‘ کئی مقامات پر آگ بھڑک اٹھی‘ کام بند ہوگیا جبکہ ریاض نے جوابی کارروائی کرتے ہوئے تعز اور مارب صوبوں کو نشانہ بنایا‘سعودی شہری دفاع نے ابہا‘نجران اور جازان کیلئے خطرے کی وارننگ جاری کردی‘ سعودی وزیر خارجہ شہزادہ فیصل نے کہا کہ سفارت کاری کا دروازہ اب بھی کھلا ہے تاہم سعودی عرب اپنے دفاع کے لیے تیار ہے‘ حوثیوں نے وہ دروازہ کھول لیا ہے جس کے وہ متحمل نہیں ہوسکتے‘ امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو نے الزام عائد کیاکہ حوثی حملوں کے پیچھے ایران کا ہاتھ ہے۔ ایرانی میڈیا کے مطابق جزیرہ خارگ اور جاسک شہر میں دھماکوں کی آوازیں سنی گئی ہیں‘ تسنیم نیوز نے رپورٹ کیا ہے کہ امریکی فورسز نے جزیرہ خارک کے قریب ایک چھوٹے ایرانی ٹینکر پر حملہ کیا اور اسے نشانہ بنایاجبکہ خاتم الانبیاءسینٹرل ہیڈ کوارٹرز نے خبردار کیا ہے کہ اگر ایرانی تیل بردار جہازوں کو نشانہ بنایا گیا تو ایران خطے میں موجود امریکی فوجی اڈوں پر حملہ کرے گا۔