پشاور (جنگ نیوز) وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا کے معاون خصوصی برائے خوراک ڈاکٹر محمد اسرار خان کی ہدایت پر خیبرپختونخوا فوڈ سیفٹی اینڈ حلال فوڈ اتھارٹی نے غیر معیاری اور مضرِ صحت اشیائے خورد و نوش کے خلاف کارروائیاں جاری رکھتے ہوئے سوات اور صوابی میں مختلف فوڈ بزنسز کے خلاف کارروائیاں کیں۔ اس دوران بڑی مقدار میں ناقص، جعلی اور غیر معیاری خوراکی اشیاء برآمد کر کے تلف کردی گئیں، جبکہ ذمہ دار کاروباروں کے خلاف قانونی کارروائی بھی شروع کر دی گئی۔ ترجمان فوڈ اتھارٹی کے مطابق گزشتہ روز سوات فوڈ سیفٹی ٹیم نے خفیہ اطلاع پر پولیس کے ہمراہ کارروائی کرتے ہوئے 250 کلوگرام ناقص اور خراب قیمہ برآمد کر کے تحویل میں لیا، جسے بعد ازاں تلف کردیا گیا۔ ترجمان نے بتایا کہ ڈپٹی ڈائریکٹر ہیڈ کوارٹر گل رحمان اور ڈپٹی ڈائریکٹر ملاکنڈ اسد قاسم کی نگرانی میں سوات میں مختلف فوڈ سیفٹی آپریشنز کے دوران ضبط کی گئی مضرِ صحت اور غیر معیاری خوراکی اشیاء کی بڑی کھیپ بھی ڈمپنگ گراؤنڈ میں تلف کردی گئی۔ تلف کی جانے والی اشیاء میں 180 کلوگرام مصالحہ جات، 150 کلوگرام مس لیبل پاپڑ و چپس، 200کلوگرام کیچپ اور 1200 لیٹر جعلی و زائد المیعاد مشروبات شامل تھے۔