ملتان(سٹاف رپورٹر) ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر فیصل سلیم نے پیرا فورس کو عوامی شکایات کے فوری ازالے اور شہریوں کو ریلیف کی فراہمی کے لیے متحرک کردار ادا کرنے کا حکم دیا ہے، انہوں نے پرائس کنٹرول، تجاوزات کے خلاف آپریشن اور سرکاری و شہری اراضی سے قبضہ جات واگزار کرانے کی مہمات کو مزید تیز کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ عوامی مسائل کے حل اور گڈ گورننس کے فروغ کے لیے فیلڈ میں موثر اقدامات یقینی بنائے جائیں، ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز ڈپٹی کمشنر آفس میں منعقدہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا،اجلاس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر انفورسمنٹ زہرہ نور اور ضلعی حکام نے شرکت کی، ڈاکٹر فیصل سلیم نے واضح کیا کہ پیرا فورس کے ڈسپلن، قانون کی عملداری اور گڈ گورننس پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا، افسران و اہلکار اپنی ذمہ داریاں پوری دیانت داری اور میرٹ کے مطابق انجام دیں اور شہریوں کے ساتھ خوش اخلاقی سے پیش آئیں، انہوں نے کہا کہ حکومتی رٹ کے قیام کے ساتھ ساتھ شہریوں کو بروقت ریلیف کی فراہمی ضلعی انتظامیہ کی اولین ترجیح ہے۔