ملتان (سٹاف رپورٹر) سٹی پولیس آفیسر ملتان صادق علی ڈوگر کی ہدایت پر جاری روڈ سیفٹی آگاہی مہم کے سلسلے میں سٹی ٹریفک پولیس ملتان کی جانب سے گورنمنٹ ولائیت حسین کالج ملتان میں روڈ سیفٹی آگاہی سیمینار کا انعقاد کیا گیا۔ سیمینار میں چیف ٹریفک آفیسر ملتان محمد نبیل کھوکھر نے بطور مہمانِ خصوصی شرکت کی۔ اس موقع پر چیف ٹریفک آفیسر ملتان محمد نبیل کھوکھر نے طلباء و طالبات سے خطاب کرتے ہوئے روڈ ڈسپلن کے قیام اور ٹریفک قوانین کی مکمل پاسداری کی اہمیت پر زور دیا۔ انہوں نے اپنے خطاب میں کہا کہ کسی بھی قوم کے مہذب ہونے کا اندازہ اس کے شہریوں کے سڑکوں پر نظم و ضبط اور ٹریفک قوانین کی پابندی سے لگایا جاتا ہے۔ایجوکیشن یونٹ کی جانب سے طلباء کو لین ڈسپلن اور پیدل چلنے والوں کیلئے زیبرا کراسنگ ڈسپلن کی تربیتی سیشن منعقد کروایا گیا جس میں طلباء نے بھرپور شرکت کی۔ طلباء و طالبات نے روڈ ڈسپلن بارے تقاریر کرتے ہوئے اپنے خیالات کا اظہار بھی کیا اور ملی نغمہ بھی سنایا۔چیف ٹریفک آفیسر ملتان محمد نبیل کھوکھر نے طلباء و طالبات میں کڈز کارڈز اور سرٹیفکیٹس بھی تقسیم کیے۔